جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی،حسان خاور

جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی،حسان خاور

  

 لاہور (آئی این پی) حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ قومی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بناکر سسٹم کو سبوتاژ کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شخصیات کے جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانے پر مختلف شہروں میں سات افراد کو گرفتار کرلیا ہے، ان افراد نے حساس معاملے کو مذاق بنایا اور جان بوجھ کر پاکستان کے ویکسی نیشن سسٹم کو متاثر کیا، بہاولپور، لاہور اور نارووال میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بنانے پر پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حسان خاور نے کہا ہے کہ ملتان میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانے والے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، وہاڑی میں بیگم کلثوم نواز شریف کا جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانیوالے شخص کو گرفتار کر کے اس کا معاملہ ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے، قومی اداروں پر اعتماد بحال کرنے کے لئے تمام قانونی اقدامات کریں گے۔

حسان خاور

مزید :

صفحہ اول -