محکمہ سیاحت کے سیاحتی زونز کیلئے بین الاقوامی فرم کا ماسٹر پلان پیش 

محکمہ سیاحت کے سیاحتی زونز کیلئے بین الاقوامی فرم کا ماسٹر پلان پیش 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹی رپورٹر) محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے میں چار مقامات پر انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز بنانے کیلئے بین الاقوامی ملایشیاء کی کمپنی کی جانب سے ماسٹر پلان کے حوالے سے کائیٹ پراجیکٹ کے زیراہتمام ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام ورلڈ بینک کے کائیٹ پراجیکٹ کے تحت صوبے کے چار مقامات گنول ڈسٹرکٹ مانسہرہ، مداقلشت ڈسٹرکٹ لوئر چترال، منکیال ڈسٹرکٹ سوات اور ٹھنڈیانی ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد میں انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں بین الاقوامی ملایشین فرم(اے پی یو ڈی جی)کو ان مقامات پر فزیبلٹی سٹڈی اور ماسٹر پلائننگ کرنے کو کہا گیا جس پر گزشتہ روزکائیٹ پراجیکٹ کی جانب سے ورکشاپ پشاور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ جس میں اے جے ایم پلائننگ اور شہری ڈیزائن گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر نورلیزا ہاشم اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کائیٹ توصیف خالد نے تفصیلی بریفنگ دیں۔اس موقع پر سیاحت سے وابستہ مختلف سٹیک ہولڈرز موجود تھے۔چارانٹیگریٹڈ ٹورازم زونز کیلئے بنائے گئے پلان میں علاقے کی نقشہ سازی، آئی ٹی زیز کی مقامی منصوبہ بندی، ڈیسٹی نیشن مینجمنٹ پلان، مرحلہ وار انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اور سڑکوں کی تعمیر شامل تھیں۔ کنسلٹنٹ فرم نے تمام آئی ٹی زیز سائیٹس کیلئے ماسٹر پلان کا مسودہ پیش کیا۔ یہ منصوبہ ہر سائٹ کے مقامی منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے کے ماسٹر پلانز پر محیط ہے۔ اگلے دو مراحل میں کنسلٹنٹ فرم بالترتیب مینجمنٹ پلان اور انویسٹمنٹ پلان پیش کرے گی جس میں میونسپل پلان، پبلک سیکٹر انویسٹمنٹ پلان اور پرائیویٹ سیکٹر بزنس پلان شامل ہیں۔ ماسٹر پلان کے مطابق انٹیگریٹڈ ٹورازم زون ٹھنڈیانی ایبٹ آباد میں سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے 6 پراجیکٹس /پروگرامز، سیاحوں کی رہائش کیلئے 428 کمروں پر مشتمل ہوٹل اور ریزورٹ جبکہ انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کیلئے 5 پراجیکٹس شامل ہیں۔ اسی طرح گنول انٹیگریٹڈ زون میں سیاحوں کو راغب کیلئے 8 پراجیکٹس، سیاحوں کی رہائش کیلئے 218 کمروں پر مشتمل ہوٹل اور ریزورٹ جبکہ انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کیلئے 5 پراجیکٹس پیش کئے گئے۔ منکیال ڈسٹرکٹ سوات انٹیگریٹڈ ٹورازم زون میں سیاحوں کیلئے 7 پراجیکٹس، 71 ہوٹل اور ریزورٹ اور5 انفراسٹرکچر اور سہولیات کے پراجیکٹس شامل کئے گئے جبکہ مداقلشت ڈسٹرکٹ لوئر چترال زون میں سیاحوں کو راغب کرنے 8 مختلف پراجیکٹس، 382 ہوٹل اور ریزورٹز جبکہ انفراسٹرکچر اور سہولیات کیلئے 5 مختلف پراجیکٹس پیش کئے گئے۔ ماسٹر پلان کے پہلے مرحلے میں چاروں مقامات کا سروے، ورک پروگرام، ڈیٹا مینجمنٹ، سٹریٹجی اور سائٹس کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔