اے این پی نے حکومت کے خلاف طبل جنگ بجا دیا

اے این پی نے حکومت کے خلاف طبل جنگ بجا دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
چارسدہ (بیورورپورٹ) اے این پی نے حکومت کے خلاف طبل جنگ بجا دیا۔مہنگائی اور بے روزگاری ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔مشکل کی اس گھڑی میں عوام کی آوازاٹھانا فرض ہے۔کپتان کے تبدیلی کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔اے این پی عوامی مسائل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرسکتی۔ایم پی اے شکیل بشیر خان عمرزئی۔تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف اے این پی کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی ضلع چارسدہ کے صدر ایم پی اے شکیل بشیر عمرزئی،ضلعی جنرل سیکرٹری فاروق خان شیخو،صوبائی رہنما قاسم علی خان محمدزئی،ثناء گلزار،پی پی پی کے رہنما پوردل خان اور دیگر نے وزیر اعظم عمران خان کے ناکام پالیسیوں پرشدید تنقید کی اور کہا کہ تبدیلی کے دعویدار کپتان نے نوے دن کے اندر انقلاب برپا کرنے کا اعلان کیا تھا مگر تین سال گزرنے کے باؤجود عوام تبدیلی کاانتظار کرتے کرتے اب موت کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔کپتان نے پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا مگر آج ایک کروڑ لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔مہنگائی کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔عوام بچوں کو فروخت کے لیے پیش کر رہے ہیں مگر جعلی وزیر اعظم آج بھی بلند و بانگ دعووں سے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش میں لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے این پی مشکل کی گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔