علماء و مشائخ کا ملک بھر میں آگاہی مہم چلانے کا اعلان

  علماء و مشائخ کا ملک بھر میں آگاہی مہم چلانے کا اعلان

  

        اسلام آباد (این این آئی)ملک بھر کے علما و مشائخ نے خواتین کی تعلیم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور جبری مذہب کی تبدیلی کیخلاف بھرپور ملک گیر مہم چلانے اور ہر سطح پر رابطہ سینٹرز قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے اسلام میں جبر کی بنیاد پر مسلمان بنانے کا تصور ہی موجود نہیں، وزیراعظم کی طرف سے سیرت اتھارٹی کے قیام کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کیلئے انٹر فیتھ ہارمنی کونسل کام کر رہی ہے، گذشتہ ایک سال کے دوران بین المسالک و بین المذاہب رواداری اور مکالمہ کی فضا بہتر ہو ئی ہے، پا کستا ن کے آئین کے مطابق مسلمانوں اور غیر مسلموں کو دئیے گئے حقوق پر عملدرآمد کرنا ہو گا، کسی کو ملک میں مذہب کی بنا پر خوف و ہراس نہیں پھیلانے دینگے، مذہب کے نام پر نفرتیں پھیلا نے کا عمل ختم ہو رہا ہے۔یہ بات پاکستان علماء کونسل اور وزارت مذہبی امور کے تعاون سے خواتین و اقلیتوں کے حقوق،سیرت طیبہ ؓ کی روشنی میں سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے مقرر ین نے کہی، سیمینار کی صدارت حافظ طا ہر محمود اشرفی نے کی، مہمان خصوصی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری اور رابطہ عالم ا سلا می کے ڈائریکٹر سعد الحارثی تھے، سیمینار میں ترکی، عراق، مصر، فلسطین، سعودی عرب کے مذہبی امور کے قونصل اور یورپی ممالک کے سفرا نے بھی شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حسان حسیب الرحمن، پیر نقیب الرحمن، مولانا سید ضیا اللہ شاہ بخاری، اسد اللہ فاروق، قاسم قاسمی، نعمان حاشر، علامہ زبیر عابد، طاہر عقیل اعوان، ابو بکر صابر ی، ڈاکٹر فرخندہ، علامہ طاہر الحسن، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز، قاضی عبد القد یر خاموش، ڈاکٹر ضیا الحق، بشپ ازرا، فادر جوزف، محمد شفیع قاسمی، عبید اللہ گورمانی، عقیل الر حمن زبیری، زبیر کھٹانہ اور دیگر نے کہا16اکتوبر کو لاہور اور18اکتوبر کو فیصل آباد میں سیرت کانفرنسیں ہونگی۔ اسلام خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے، رسول اکرم ؐ رحمت للعا لمین اور آپؐ کی تعلیمات انسانی حقوق کی محافظ ہیں،کسی کو جبراََ مسلمان بنانے، جبری شادی و نکاح کا اسلام میں کوئی تصور نہیں، بچیوں کی تعلیم اور وراثت میں عورت کا حق سیرت مصطفی ؐ کی روشن تعلیمات ہیں، سیرت اتھارٹی کا قیام وزیر اعظم کاعالم اسلام کیلئے عظیم تحفہ ہے، اسلام مرد اور عورت دونوں کو تعلیم، تجارت کا حق، انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے، پاکستان مسلم و غیر مسلموں کی جدوجہد سے قیام میں آیا، موجودہ حکومت نے پاکستان میں آئین کے تحت غیرمسلموں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر اقدامات کیے ہیں۔

علماء مشائخ

مزید :

پشاورصفحہ آخر -