عمران خان کی حکمرانی دن بدن ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بنتی جارہی ہے: احسن اقبال
نارووال (آئی این پی) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکمرانی دن بدن ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلوں کی ایسی بے توقیری پچھلے 72سال میں نہیں دیکھی، الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیس کا جلد فیصلہ کیا جائے، نیب کو پی ٹی آئی کا احتساب ونگ بنا دیا گیا ہے، میڈیا بدترین سنسر شپ کا شکار ہے، ہزاروں صحافیوں کو بے روزگار کر دیا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آرمی چیف ایکسٹینش کو بھی تماشا بنایا تھا، حکومت نے آئی ایس آئی چیف تقرری پر بھی تماشا بنایا، پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی، عمران خان کی حکمرانی دن بدن ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہے، غریب آدمی کے لیے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانا مشکل ہو گیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سفارتی سطح پر ملک کی اس طرح کی بے توقیری کبھی نہیں ہوئی، آج صدر بائیڈن کی فون کال بین القوامی مذاق بن گئی ہے، آج ہر اینکر وزیر اعظم کو بائیڈن کا فون نہ آنے پر جگتیں سنا رہا ہے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ گھڑی بیچنے والے معاملے پر حکومت تردید کرے یا شرمناک عمل پر معافی مانگ کر مستعفی ہو، قوم کے صبر کا بہت امتحان ہو چکا ہے، اگر عمران نیازی مستعفی نہ ہوئے تو پی ڈی ایم جماعتیں اپنا سیاسی لائحہ عمل بنائیں گی، اگر ملک کو بچانا ہے تو نئے صاف شفاف انتخابات کی راہ ہموار کرنا ہوگی۔
احسن اقبال