وزیر اعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، اہم فیصلوں پر ارکان کو اعتماد میں لیا
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے پارٹی ارکان کو اہم فیصلوں پر اعتما دمیں لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے بتایا کہ سول ملٹری تعلقات آج جتنے خوشگوار ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ، ایسے خوشگوار تعلقا ت کا کریڈٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے ، جنہوں نے جمہوریت اور سول حکومت کو ہمیشہ سپورٹ کی ۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر بھی وزیر اعظم نے کہا کہ فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں ، ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملات طے پا گئے ہیں ۔
فواد چودھری نے کہا کہ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور وزیر اعظم نے کہا کہ ہم افغانی بھائیوں کی مدد کر رہے ہیں ،ہماری خواہش ہے کہ دنیا انہیں اکیلا نہ چھوڑے ، اگر ایسا ہوا تو افغانستان انتشار کا شکار ہو گا اور دوسرے دہشتگرد گروپ جگہ بنا لیں گے جس سے پاکستان سمیت پوری دنیا بری طرح متاثر ہو گی ،افغانستان میں استحکام کیلئے دنیا کو کوشش کرنا ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم نے مہنگائی پر بھی گفتگو کی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت مہنگائی کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر اشیاءکی قیمتیں بڑھنے ہے ، 40ڈالرز فی بیرل پر ملنے والا پٹرول اب 80ڈالرز سے بھی اوپر جا چکا ہے ، اسی طرح گھی سمیت دیگر اشیاءکی قیمتوں میں بھی اضافہ ہورہاہے ۔ ہم نے معاشی پالیسی فریم کی ہے ، نومبر میں تین بڑے پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں جن میں صحت کارڈ ، کسان کارڈ اور احساس کارڈ شامل ہے ۔ خیبرپختونخوا کے بعد اب پنجاب کے ہر شہری چاہے وہ کسی بھی جماعت، رنگ اور نسل سے تعلق رکھتا ہو ، جس کے پاس آئی ڈی کارڈ ہے اسے صحت کارڈ ملے گا جس کے ذریعے وہ ساڑھے سات لاکھ روپے کی میڈیکل انشورنس کا حقدار ہوگا، نومبر سے کارڈ کی تقسیم کا عمل شروع کریں گے اور مارچ تک یہ عمل مکمل کریں گے ۔
فواد چودھری نے کہا کہ احساس کارڈ کیلئے ڈیٹا کر لیا گیا ہے ، یہ غرباءکو دیا جائے گا جو احساس کارڈ کے تحت نہ صرف یوٹیلٹی سٹورز بلکہ عام دکانوں سے بھی سستی چیزیں لے سکتے ہیں ، پنجاب حکومت مزدور کارڈ متعارف کرا رہی ہے جس سے مزدور مستفید ہوں گے ۔ ہم کسان کارڈ بھی لا رہے ہیں جو کسانوں کو دیا جائے گا، یہ عمل دیکھنے میں آیا ہے کہ کسانوں کیلئے دی جانے والی سبسڈی ان تک پہنچ نہیں پاتی مگر کسان کارڈ کے ذریعے انہیں براہ راست سبسڈی دی جائے گی ۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ماہ ربیع الاول سے متعلق خاص ہدایات دی ہیں ، وزیر اعظم نے رحمت للعالمین اتھارٹی سے متعلق ارکان کو آگاہ کیا اور پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو یہ دن بھرپور انداز میں منانے کا حکم دیا وزیر اعظم نے کہا کہ بارہ ربیع الاول پر ایسے شاندار انتظامات کئے جائیں جو ماضی میں کبھی نہ کئے گئے ہوں ، اس موقع پر قومی سطح پر دو اہم ترین تقریبات ہوں گی جن میں سے ایک ایوان صدر میں ہوگی جبکہ دوسری کنونشن سینٹر میں ہوگی جہاں وزیر اعظم مذہبی اجتماع سے خطاب کریں گے ۔