آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنےکا فیصلہ

آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنےکا فیصلہ
آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنےکا فیصلہ

  

مظفر آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی اور ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس وزیراعظم سردار ‏عبدالقیوم نیازی کی زیرصدارت ہوا جس میں آزادکشمیر کی تعمیروترقی کے حوالے حکمت عملی پر مشاورت کی ‏گئی۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی تازہ کارروائیوں کی مذمت کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ ‏مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے۔اجلاس میں 24 اکتوبر کو  آزاد کشمیر حکومت کے یوم تاسیس کو بھر پور انداز میں منانےکا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں عشرہ رحمت لعالمینﷺ کےحوالےسے پروگرام منعقدکرنےکا فیصلہ بھی ہوا اور وزیراعظم عمران خان ‏کے رحمت للعالمینﷺ اتھارٹی بنانے کے فیصلےکی حمایت کی گئی۔ ‏ اس موقع پر وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے ‏کہا کہ عمران خان کے ویژن کے تحت آزاد کشمیر کو خوشحال بنائیں گے، بلدیاتی انتخابات کےتحت اختیارات کو ‏نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی ، جہاں بھی کرپشن نشاندہی کی جائے گی اس کا بھرپور نوٹس ہو گا بلکہ فوری انکوئری کروائیں گے،یہ ممکن نہیں میں بیٹھا ہوں اور کوئی کرپشن کرے ، وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق کرپشن کے خلاف جہاد کریں گے،وہاں صحت، تعلیم و دیگر بنیادی سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام فیصلوں میں پارلیمانی پارٹی کو بھرپور اعتماد میں لیا جائے گا، تحریک انصاف آزاد کشمیر تمام ٹکٹ ہولڈرز کو بھی بھرپور اعتماد لیکر چلیں گے، مہاجرین کے مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے بھی مہاجرین کے مسائل پر بات کریں گے، ایل او سی کےحلقوں کیلئے خصوصی پیکیج دیں گےاورانکی محرومیوں کو ختم کریں گے،ہم نے کسی کے ساتھ ظلم نہیں کرنا،ماضی کی حکومت کی طرح ہم اپوزیشن والوں کو تنگ نہیں کریں گے بلکہ ریاست مدینہ کی طرح فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنائیں گے،جہاں کسی کے ساتھ بھی ظلم و زیادتی نہیں ہو گی۔

مزید :

علاقائی -آزاد کشمیر -مظفرآباد -