پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتہ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن ( پی آئی اے) کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتہ ہوگیا۔
نجی ٹی وی چینل "ایکسپریس نیوز" کے مطابق پی آئی اے کا فضائی میزبان محسن رضا کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں لاپتہ ہوا۔ محسن رضا کو 13 اکتوبر کو کراچی کی پرواز کے لیے رپورٹ کرنا تھا۔ پی کے 784 پر تعینات فضائی میزبان پرواز سے قبل ہوٹل میں موجود نہیں تھا۔ اسلام آبادسے تعلق رکھنے والے فضائی میزبان کے لاپتہ ہونے کا انکشاف پرواز کے لیے رپورٹ نہ کرنے پر ہوا۔
ایک سال کے دوران ٹورنٹو میں مبینہ سلپ ہونے والے پی آئی اے فضائی میزبانوں کی تعداد 12 سے زائد ہو گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی میزبانوں کے پاسپورٹس ٹورنٹو میں ائیر لائن حکام کے پاس جمع کروانے کی پالیسی کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے لاپتہ کریو کےمتعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ قصوروار ثابت ہونے پر ائیر لائن قوانین کے تحت سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی جس میں ملازمت سے برخاستگی بھی شامل ہے۔