آئینی ترامیم سے متعلق حکومتی مسودے سے انسانی حقوق تباہ ہو جاتے،مولانا فضل الرحمان 

Oct 14, 2024 | 02:55 PM

ٹنڈوالہ یار(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ جو مسودہ حکومت نے دیا وہ مسترد کر دیاتھا، اس مسودے سے پارلیمنٹ کی توقیر ختم ہو جاتی،اس مسودے سے انسانی حقوق تباہ ہو جاتے۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ٹنڈوالہ یار میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہم نے سب کچھ ملکی اور عوامی مفاد میں کرنا ہے، ہم اسمبلی میں عوامی مفاد کیخلاف قانون پاس کرنے کیلئے نہیں آئے،تمام اداروں کے درمیان توازن پیدا کرنا ہمارا مقصد ہے،ہم نے حکومتی مسودے کو مسترد کردیا تھا، اس مسودے سے پارلیمنٹ کی توقیر ختم ہو جاتی،اس مسودے سے انسانی حقوق تباہ ہو جاتے۔

ان کاکہناتھا کہ جو چیزیں وقت کی ضرورت ہے ہم ان کو ترجیح دیں گے،سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ جو چیزیں ہم نے مسترد کیں وہ واپس ہو چکیں،امید ہے ہمارے مطالبات منظور ہو جائیں گے،حکومت کا مسودہ کسی صورت قابل قبول نہیں تھا،ن لیگ ، پی پی ، جے یو آئی کے مسودے میں ہم آہنگی ہے، کراچی میں کل بلاول بھٹو سے ملاقات کروں گا، پھر نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کروں گا، اسلام آباد میں پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کروں گا۔

مزیدخبریں