پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا 71واں اجلاس
لاہور(خبر نگار، لیڈی رپورٹر)پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا 71واں اجلاس قائدِاعظم لائبریری میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین بورڈ آف گورنرز اور سابق چیف سیکرٹری پنجاب جناب جاوید اسلم نے کی۔اجلاس کے دوران صوبے بھر میں لائبریریوں کی ترویج و ترقی کے لیے متعدد اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔ خاص طور پر کتب خانوں میں“اقبال ریڈنگ رومز”کے قیام اور بچوں میں کتب بینی و داستان گوئی کے فروغ کے لئے مختلف عملی منصوبوں پر غور کیا گیا۔ تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد بورڈ نے سکولوں میں لائبریری کارنرز کے قیام کے تخمینے کی منظوری دی۔سیکرٹری آرکائیوز اینڈ لائبریریز جناب علی بہادر قاضی نے اجلاس کو مختلف لائبریریوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کی کہ ہائبرڈ لائبریری سسٹمز پر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
ڈائریکٹر پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن جناب عبدالرحمٰن آصف نے اجلاس کو لائبریریوں کی کیٹیگریز، مختص فنڈز کی تقسیم، آپریشنل پلان، اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی اور جامع بریفنگ دی۔
، جس میں لائبریری نیٹ ورک کی بہتری، وسائل کے مؤثر استعمال، اور عوامی استفادے کے فروغ کے لیے مجوزہ اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔اجلاس میں شریک معزز اراکین میں جناب اطہر علی خان (سابق ڈی جی پی آر)، محترمہ کنول امین (وائس چانسلر فیصل آباد ویمن یونیورسٹی)، جناب شاہد حسین (سابق ایم ڈی پیپرا)، ڈاکٹر نوشین فاطمہ، محترمہ رخشندہ کوکب (ڈائریکٹر لائبریری یو سی پی)، اور ڈاکٹر شفاعت یار خان (یو سی پی) شامل تھے۔یہ اجلاس پنجاب میں علم و ادب کے فروغ، کتب بینی کے احیاء_، اور لائبریری نظام کی جدید خطوط پر استواری کے لیے ایک نئے عزم، واضح حکمتِ عملی، اور بین الادارہ جاتی تعاون کی علامت ثابت ہوا، جو مستقبل میں نوجوان نسل کے لیے مثبت اور پائیدار تبدیلیوں کا پیش خیمہ بنے گا۔پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن صوبہ بھر میں لائبریریوں کی ترقی، مطالعے کے فروغ، اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے استحکام کے لئے سرگرمِ عمل ایک کلیدی ادارہ ہے۔
