صدر ٹرمپ امن کے حقیقی علمبردار، نوبل انعام کے حقدار دوبارہ نامزد کرتے ہیں: شہباز شریف
شرم الشیخ(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہبازشریف نے ایک بار پھر ٹرمپ کو نوبل انعام دینے کی درخواست کردی۔مصر کے شہر شرم الشیخ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو’مین آف پیس‘ قراردیا اور اپنے خطاب میں امن کا حقیقی علمبردار بھی کہا۔اْنہوں نے کہا امن کے حصول کے حوالے سے آج تاریخی دن ہے،امریکی صدر کی بدولت جنوبی ایشیا میں امن ممکن ہوا،پاکستا ن نے امن کے نوبل انعام کیلئے صدرٹرمپ کونامزد کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا آج سخت محنت کے بعد غزہ میں امن کیلئے کامیاب ہوئے ہیں، معاہدے سے وہاں لاکھوں جانیں محفوظ ہوئی ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا صدرٹرمپ نے دنیا میں امن کیلئے دن رات کام کیا، اْن کی یہ خدمات قابل ستائش ہیں،انہوں نے کہا الحمدللہ، آج شرم الشیخ میں تاریخی غزہ امن منصوبے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی جو مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ایکس پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا مصری صدر السیسی اور امریکی صدر ٹرمپ جو اس امن سربراہی اجلاس کے شریک میزبان ہیں، کا مشکور ہوں، صدر ٹرمپ کی شاندار قیادت اور غیر متزلزل عزم کے بغیر ہم یہ تاریخی لمحہ نہ دیکھ پاتے، صدر ٹرمپ کی خصوصی توجہ اور جستجو کی بدولت ہی غزہ میں جاری قتل و غارت کو روکنا ممکن ہوا، آج کی تقریب نسل کشی کے ایک باب کے اختتا م کی نشان دہی کرتی ہے، عالمی برادری کو یقینی بنانا چاہئے کہیں بھی ایسا دوبارہ نہ ہو۔انہوں نے یہ بھی لکھا بہادر فلسطینی عوام 1967 سے پہلے کی سرحدوں کیساتھ ایک آزاد فلسطین میں رہنے کا پورا حق رکھتے ہیں۔واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف شرم الشیخ میں 20 ملکی سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچے جس کی صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کی۔ مزید بر آں وزیرِاعظم شہبا ز شریف کی شرم الشیخ میں منعقدہ امن سربراہ اجلاس کے موقع پر فلسطین کے صدر محمود عباس کیساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی۔بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ بھی ملاقات و گفتگو میں شریک تھے، صدر محمود عبا س نے فلسطینیوں کا ہمیشہ سے ساتھ دینے اور ان کی سیاسی و سفارتی محاذ پر مدد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں کی شرم الشیخ میں جنگ بندی معاہدے پر دستخط سے پہلے گرمجوشی سے غیر رسمی ملاقات اور گفتگو ہوئی۔اس موقع پر دونوں رہنماں نے کہا فلسطین اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعقات مثالی ہیں جس پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو ناز ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے غزہ کے بہادر عوام کو گزشتہ برسوں میں ہمت و بہادری سے صعوبتیں برداشت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے خطے میں امن و فلسطینیوں کی ترقی کا پیش خیمہ قرار دیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان اور آرمینیا کے صدور سے الگ الگ ملاقاتوں میں ان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا باہمی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا قابلِ تحسین ہے۔ وزیراعظم نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں جاری امن سربراہ کانفرنس کے موقع پر آذربائیجان اور آرمینیا کے صدور سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی تعلقات، علاقائی امن اور تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ملاقاتیں کانفرنس کے سائیڈ لائن پر ہوئیں، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی اور صلح کے قیام کو خطے کے امن کیلئے خوش آئند قرار دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مصر شرم الشیخ میں امریکی صدر ٹرمپ، فلسطینی صدر محمود عباس، بحرین کے فرمانروا اور قطر کے امیر سے ملاقاتیں کیں اور غزہ امن معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گرمجوشی کیساتھ مصافحہ کیا، دونوں کے درمیان خوش گوار جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔اسی موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آرمینیا اور آذربائیجان کے صدور سے بھی غیر رسمی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانیوالے تاریخی امن معاہدے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں علاقائی و عالمی امور، بالخصوص غزہ امن معاہدے کے تناظر میں امن و استحکام کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعدازاں، وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے قطر کے امیر کی قیادت، سفارتکاری اور غزہ بحران کے منصفانہ حل کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو سراہا اور کہا شرم الشیخ میں طے پانے والا غزہ امن معاہدہ لاکھوں فلسطینیوں کیلئے امید کی نئی کرن ہے۔وزیراعظم نے 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق القدس شریف کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا اور فلسطینی عوام کیلئے انسانی بنیادوں پر مدد جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی و بین الاقوامی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
شہباز شریف
