اورنج ٹرین،میٹرو بس کی بندش کا چوتھا دن،شہری مشکلات کا شکار

    اورنج ٹرین،میٹرو بس کی بندش کا چوتھا دن،شہری مشکلات کا شکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور میں اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس مسلسل چوتھے روز بھی معطل رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ احتجاج اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ فیصلہ برقرار رکھا ہے جبکہ شہری حلقوں نے ٹرانسپورٹ معطلی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔میٹرو بس کے تمام اسٹیشنز جبکہ اورنج لائن ٹرین کے متعدد اسٹاپس کو بدستور بند رکھا گیا ہے۔ مسافروں کی آمد و رفت کے لیے متبادل ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز جانے والے افراد کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ مسافروں نے بتایا کہ نجی ٹرانسپورٹ مالکان نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے۔ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی سفارش پر دونوں سروسز عارضی طور پر بند کی گئی ہیں، شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے،حالات معمول پر آتے ہی ٹرین اور میٹرو بس سروس فوری بحال کر دی جائے گی۔ شہریوں نے حکومتی اقدامات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ لاکھوں افراد میٹرو اور اورنج لائن پر سفر کرتے ہیں، سروس کی بندش سے نہ صرف عوام مشکلات کا شکار ہیں بلکہ مزدور طبقے کا روزگار بھی متاثر ہوا ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت متبادل سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سروسز کی جلد بحالی کو یقینی بنائے۔

بس سروس

مزید :

صفحہ آخر -