قانون اور آئین کی بالا دستی ہمارا مشن ہے : سید کمال شاہ باچا
نوشہرہ(بیورورپورٹ)تحصیل پبی بالو شریف میں صوبائی امن جرگہ کی تنظیم کی حلف برداری کی تقریب، سماج دشمن عناصر، قبضہ مافیا، منشیات فروشوں اور نجی سود خوروں کے خلاف ہمہ گیر تحریک چلانے کا اعلان، آئین و قانون کی بالادستی، قانون پر عمل درآمد کرانا ہمارا مشن ہے، جرگہ اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کا حل ہمارا فرض ہے، بالو شریف میں چیئرمین سید کمال شاہ باچا اور دیگر قائدین کا پرتپاک استقبال، قبضہ مافیا بھتہ خوروں اور منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کاروائیوں کی حمایت، ضلعی چیئرمین پیر سید ذوالفقار باچا نے منتخب کابینہ سے حلف لیا، اس موقع پر چیئرمین صوبائی امن جرگہ سید کمال شاہ باچا، ضلع نوشہرہ کے چیئرمین پیر سید ذوالفقار باچا، احسان وزیر، بالو شریف کے چیئرمین پروفیسر حبیب الرحمن نے خطاب کیا، صوبائی امن جرگہ کے چیئرمین سید کمال شاہ باچا نے تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی امن جرگہ معاشرے سے ناانصافی، بھتہ خوری، نجی سود اور منشیات فروشی قبضہ مافیا جیسی لعنت کے خاتمے کیلئے قائم ہوا ہے اور یہ ایک ہمہ گیر تحریک کی شکل میں آج صوبے کے ہر ضلعے میں موجود ہے اور ہم اب ہر ویلج کونسل تک پہنچ چکے ہیں، انہوں نے کہاکہ صوبائی امن جرگہ کے قیام سے خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں سے بھتہ خوری، نجی سود اور اغواءکاری کا خاتمہ ہوا ہے اور معمولی تنازعات تھانوں اور عدالتوں تک پہنچنے سے قبل حل کئے جاتے ہیں، انہوں نے کہاکہ صوبائی امن جرگہ امر باالمعروف اور نہی عن المنکر کا پیغمبری فریضہ سر انجام دے رہا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کام آج جہاد ہے، فتنوں کا راستہ روکنا فتنوں کے خلاف لڑنا فتنوں سے قوم کو بروقت آگاہ کرنا ہمارا کام ہے، انہوں نے کہاکہ صوبائی امن جرگہ ایک خودمختار جرگہ ہے شوری سے ماخوذ ہے اسلامی احکامات کے مطابق ہے جو پختون روایات سمیت تمام قوانین کے مطابق ہے اس جرگہ کے عالمی قوانین اور اداروں میں ذکر ہے دنیا کے بڑے بڑے معاملات اور جنگیں دراصل مذاکرات اور جرگوں سے حل ہونے کی تاریخ موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی امن جرگہ بنیادی طور پر مذاکرات اور گفت و شنید کے ذریعے عوامی مسائل اور چلنجز کا حل نکالتا ہے، انہوں نے کہاکہ ہم تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں انتظامیہ اور عوام کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتے ہیں اور بنیادی کام سر انجام دے رہے ہیں۔ قانون اور آئین کی بالادستی ہمارا مشن ہے قانون پر عمل درآمد کرانے کیلئے ہی صوبائی امن جرگہ عمل پیرا ہے۔ انہوں نے عوامی سماجی حلقوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے جرگہ تنظیموں سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے
