کراچی کی 2بہنیں پراسرار طور پر لاپتہ ، سکول ٹیچر کیخلاف اغوا ءکا مقدمہ درج
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر عبداللہ ہارون روڈ سے 2 بہنیں پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئیں جبکہ پریڈی پولیس نے لڑکیوں کے اغوا ءکا مقدمہ والد کی مدعیت میں سکول ٹیچر کے خلاف درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
’’ایکسپریس نیوز‘‘کے مطابق والد محمد عظیم نے پولیس کو بتایا کہ میری رہائش عبداللہ ہارون روڈ اللہ والی کالونی کچی آبادی کی ہے، بیٹیاں 15 سالہ آمنہ اور7 سالہ عائشہ ہفتے کو گھر کے قریب مدرسہ پڑھنے گئی تھیں، واپس نہ لوٹنے پر استانی سے پتا کیا تو معلوم ہوا کہ انہوں نے چھٹی دے دی تھی۔معلومات کرنے پر پتہ چلا کہ بچیوں کا سکول ٹیچر اپنی گاڑی میں انہیں ساتھ لے گیا ہے، میری بچیاں ہجرت کالونی کے نجی سکول کی طالبہ ہیں، سلطان بھی حیدری ماڈل سکول کا ٹیچر ہے۔سکول وین کے بجائے ٹیچر سلطان اکثر بیٹیوں کو گاڑی میں گھر چھوڑنے آتا تھا، ٹیچر سلطان میری بچیوں کو مہنگے تحائف بھی دیا کرتا تھا، آمنہ کلاس ششم اور عائشہ دوسری جماعت کی طالبہ ہے، بچیوں کے لاپتہ ہونے کے بعد سے سکول ٹیچر کا موبائل فون نمبر بند ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے بچیوں کی تلاش شروع کردی ہے، جائے وقوعہ کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد اکٹھا کیے جارہے ہیں۔
ایس ایچ او پریڈی ایوب میرانی نے ایکسریس کو بتایا کہ واقعہ مبینہ طورپرپسند کی شادی کا معلوم ہوتا ہے، پولیس کے سننے میں آیا ہے کہ لڑکی نے کورٹ میرج کرلی ہے لیکن پولیس کو دستاویزات نہیں ملی ہیں۔پولیس اس سکول بھی گئی تھی جہاں لڑکی پڑھتی تھی، پولیس نے لڑکی کی سہیلیوں سے بھی پوچھ گچھ کی ہے اور انھوں نے بتایا کہ لڑکی گھر سے بھی تنگ تھی او لڑکی نے اپنی سہیلی کو بتایا کہ میں کسی کے ساتھ جاؤں گی۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
