جنوبی افغانستان میں نیٹوفورسز پر خودکش حملہ ، تین شہری مارے گئے
قندھار(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی افغانستان میں خودکش حملے میں تین شہری ہلاک جبکہ ایک خاتون اور دوبچوں سمیت متعددافرادزخمی ہوگئے ۔ افغان حکام کے مطابق صوبہ قندھار کے ضلع دمن میں خودکش حملہ آور نے غیر ملکی افواج کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن قافلے سے قبل ہی اپنے ہی گاڑی کو اُڑادیا ۔ گورنر کے ترجمان جاوید فیصل نے بتایا کہ ایک خود کش حملہ آورنے بارود سے بھری ٹویوٹا سیڈان دمن کے علاقے میں سڑک پر اُڑادیا۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 15 امریکی فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا۔اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ اسے حملے کے بارے میں علم تھا لیکن اس کی کوئی مزید تفصیل نہیں ۔افغان صوبہ قندھار کو طالبان کا مرکز سمجھا جاتا ہے اور صدر حامد کرزئی کی جائے پیدائش بھی ہے ۔