ڈینگی کے زور پکڑنے کا خدشہ ، سرویلنس مہم تیز کرنے کا حکم

ڈینگی کے زور پکڑنے کا خدشہ ، سرویلنس مہم تیز کرنے کا حکم

  

لاہور(جاوید اقبال،عدیل شجاع)صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی کے خطرات منڈلانے لگے۔اس ضمن میں چیف سیکرٹری نے انسداد ڈینگی مہم پر عدم اعتماد کرتے ہوئے فوری طور پر تمام محکموں کے سیکرٹریز کو حکم جاری کر دیا ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں اور جنگی بنیادوں پر ڈینگی مچھروں کے لاروے کو تلف کرنے کے لیے اقدامات کریں۔اگر اس میں رتی برابر بھی کوتاہی کا مظاہرہ کیا گیا تو ستمبر کے آخر میں ڈینگی مچھر حملہ آور ہو سکتا ہے جس سے ڈینگی بخار کے مریض سامنے آ سکتے ہیں۔چیف سیکرٹری نے سیکرٹری ہاؤسنگ ،ڈی جی ایل ڈی اے،ایم ڈی واسا کو حکم جاری کیا کہ فوری طور پر شہر کی آبادیوں میں خالی پلاٹوں میں جمع بارشی پانی کے انخلاء کا ہنگامی بنیادوں پر بندو بست کریں اور چوبیس گھنٹے کے اندر اندر خالی پلاٹوں میں جمع بارشی پانی کے نکاس کو یقینی بنایاجائے۔ادھر ڈی جی پی ایچ اے کو حکم دیا گیا کہ شہر کے تمام پارکوں سمیت دیگر مقامات پر فواروں کے حوض میں جمع پانی کو فوری طور پر نکال دیا جائے اور تا حکم ثانی فواروں میں پانی نہ چھوڑا جائے۔اس حوالے سے چیف سیکرٹری کیپٹن(ر)زاہد سعید نے گزشتہ روز طلب کیے گئے اجلاس کے بعد تمام محکموں کے سیکرٹریز ،کارپوریشنز اور کمپنیز کے سربراہان کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عوام میں ڈینگی سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے مختلف واکس اور سیمینارز کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے تمام تعلیمی ادروں کی چھتوں اور صحنوں کی سرویلینس کی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری نے محکمہ ماحولیات ، انڈسٹری،اور میٹرو پولیٹن کے نو زونوں کی طرف سے انسداد ڈینگی مہم پر عدم اعتماد کیا ہے اور کہا کہ ان محکموں کے سربراہان انسداد ڈینگی ایکٹ پر سختی سے عمل کروایا جائے کباڑ خانوں ، فیکٹریوں ،ریلوے گودامز،و اپڈا ، ایکسائز،کسٹم کے ویئر ہاؤسسز ، سرامکس کے گودامز،ٹائر شاپس کی سرویلنس میں تیزی لائی جائے ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری کوآپریٹو اور ہاؤسنگ کو حکم دیا گیا کہ وہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کی جنگی بنیادوں پر سرویلنس شروع کروائیں اور جہاں ڈینگی ایکٹ کی خلاف ورزی پائی جائے ان کے مالکان کے خلاف ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمات درج کروائے جائیں۔جبکہ ڈینگی کے حوالے سے حساس قرار دی گئی یونین کونسلوں پر کڑی نظر رکھی جائے ادھر دونوں وزرائے صحت سے کہا گیا کہ وہ ہسپتالوں میں ڈینگی کے وارڈز کا ازسر نو جائزہ لیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -