نوازشریف کو جھوٹ بولنے پر نکالا گیا،مریم قابل اعتراض نعرے لگوا رہی ہیں،خرم گنڈا پور
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ متفقہ نااہل وزیراعظم کی بیٹی قابل اعتراض نعرے لگوارہی ہے، راجہ ظفر الحق، سرتاج عزیز، ظفر قریشی جیسے ن لیگ کے بڑے خاموش کیوں ہیں؟ خواتین کے بیانات کا جواب نہیں دیتا مگر یہاں پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی ،چپ نہیں رہ سکتے، مریم صفدر نے کہا ’’جہاں وزیراعظم ایک اقامہ کی مار ہو کیا ایسا پاکستان منظور ہے‘‘ جواب میں انتخابی میٹنگ میں شریک دہاڑی داروں نے ’’نا منظور ‘‘کے نعرے لگائے، یہ کھلی غداری ہے ،اس کی شدید الفاظ میں مذمت اور کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں، انہوں نے ویمن لیگ کی رہنماؤں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہر محب وطن شہری اور قائداعظم سے محبت رکھنے والے دانشوروں ،بزرگوں اور خود کو مسلم لیگی کہنے والوں کو اس زبان درازی کا نوٹس لینا چاہیے،مریم صفدر کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے وکلاء کو کیس تیار کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف کو جھوٹ بولنے ،عدالت کو گمراہ کرنے پر نکالا گیا، ان کے اوپر اربوں روپے کے ناجائز اثاثے بنانے کا الزام ہے ۔