ہنجروال، نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دن دیہاڑے تاجر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا
لا ہور (خبر نگار) ہنجروال کے علاقے میں دن دیہاڑے نامعلو م موٹرسائیکل سواروں نے تاجر کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا،پولیس نے لاش مردہ خانے میں منتقل کر کے کارروائی شروع کر دی ۔پولیس کے مطابق ہنجروال کے علاقہ ٹھوکر نیاز بیگ کا رہائشی چالیس سالہ ملک شبیر کھوکھر اپنی اراضی پر فلیٹ بنوا رہا تھا اورتعمیر کی نگرانی کر رہاتھا کہ دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے ۔ملک شبیر کھوکھر کوتشویشناک حالت میں ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ۔پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے میں منتقل کر دی ۔پولیس کے مطابق ملک شبیر کھوکھر کو دیرینہ دشمنی پر قتل کیا گیا ۔ایس ایچ او ملک راحیل امجد کے مطابق مقتول شبیرکھوکھر کے بھائی ملک جہانگیر کو بھی قتل کیا گیا تھاجس میں ملزمان مبشر کھوکھر وغیرہ جیل میں ہیں۔ مقتول کے بہنوئی ارشاداحمدنے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس کے برادرنسبتی کو قتل کیس میں پیروی کرنے پر قتل کیا گیا ہے تاہم پولیس نے چار نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔