نااہل شخص کے حق میں قرارداد ایوان میں لانا شرمناک ہے، محمودالرشید

نااہل شخص کے حق میں قرارداد ایوان میں لانا شرمناک ہے، محمودالرشید

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ ایک نااہل شخص کے حق میں قرارداد ایوان میں لانا انتہائی شرمناک اور معزز ایوان کی توہین ہے، قرارداد دراصل نواز شریف کے حق میں نہیں عدالتوں کیخلاف لائی گئی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد نواز شریف کے حق میں نہیں عدالتوں کیخلاف لائی گئی، ن لیگ نواز شریف کی کرپشن، کمیشن، کیک بیکس میں نا اہلی پر حواس باختہ ہو چکی ہے۔ ایسے اوچھے ہتھکنڈے نوازشریف کو بحال نہیں کرا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کرپشن کمیشن میں نواز شریف اور انکی بچوں کی طلبی کی جا رہی ہے تو دوسری جانب خواری اور مداری انکے حق میں قراردادیں لا کر آئین و قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے نا اہل نواز شریف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اداروں پر وار کرنے کی بجائے انکا احترام کرنا چاہئے اور خود کو نیب میں پیش ہو کر اپنی صفائی دینی چاہئے لیکن چونکہ معاملہ لوٹی دولت واپس لئے جانے کا ہے اسی لئے نا اہل خاندان اسے بچانے کیلئے ملکی اداروں کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -