نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، آصف اختر ہاشمی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ، بدعنوانی کی کئی انکوائریوں کی منظوری

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، آصف اختر ہاشمی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا ...

  

اسلام آباد(صباح نیوز)قومی احتساب بیورو( نیب ) کے ایگزیکٹو بورڈ نے قومی خزانہ کو 1.3ارب روپے کا نقصان پہنچانے پرسابق چیئر مین متروکہ وقف املاک سید آصف اختر ہاشمی کیخلاف بد عنوانی ریفرنس، 9ارب کی بد عنوانی و غیر قانونی بھرتیوں پر ڈائریکٹر نارا کینا ل (ایس آئی ڈی اے) میر پور خاص سعید احمد کیخلاف انویسٹی گیشن، منگلا ڈیم رائزنگ پراجیکٹ کی تعمیر میں 4ارب کی خرد برد پر و ا پڈا افسران کیخلا ف انکوائری جبکہ عدم ثبوت کی بنیاد پر سپیکر اسمبلی خیبر پختونخوا اسد قیصر اور رکن قومی اسمبلی سید افتخار حسین شاہ کیخلاف مقد مات بند کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلے نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں کئے گئے ۔ سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک اور دیگر کیخلاف بد عنوانی کے ریفرنس میں ملزموں پر ہائی لنک کیپیٹل پرائیویٹ لمیٹڈ میں غیر قانونی سرمایہ کاری کاالزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 1.3ارب روپے کا نقصان پہنچا ، ایگزیکٹو بورڈ نے میسرز عمیر سٹیل انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور کے ڈائریکٹرز، ضما نتیوں اور دیگر کیخلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی ، ملزموں پر بینک نادہندہ ہونے کاالزام ہے ، یہ کیس سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نیب آرڈیننس کے تحت نیب کو بھجوایا۔ ملزموں قومی خزانہ کو 52.290 ملین روپے کا نقصان پہنچایا ۔اجلاس میں میسرز پاور پاک کمپنی کی انتظا میہ اور دیگر کیخلاف بھی انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔ ملزموں پر بینک نادہندہ ہونے کاالزام ہے ، یہ کیس بھی سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نیب آرڈیننس کے تحت نیب کو بھجوایا ۔ ملزموں نے قومی خزانہ کو 164.826ملین روپے کا نقصان پہنچایا ۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی پی ایس 18عبدالرؤف کھوسو اور دیگر کیخلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزموں پر اختیارات سے تجاوز اور ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے اور ضلع کشمور ، کندھ کوٹ میں محکمہ ریونیو کے افسران کیلئے سرکاری زمین کی خریداری میں خرد برد کاالزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 550ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ اجلاس میں سابق ڈائریکٹر نارا کینال (ایس آئی ڈی اے) میر پور خاص سعید احمد، محکمہ آبپاشی سندھ این اے ایس آر اے ٹی ڈویژن کے افسران اور دیگر کیخلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزموں پر اختیارات سے تجاوز غیر قانونی بھرتیوں اور این اے ایس آر اے ٹی کینال میں غیر معیاری کام کرانے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 9ارب کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے میسرز نالج کینیٹک پروگرام پرائیویٹ لاہور، واپڈا کے افسران اور دیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزموں پر منگلا ڈیم رائزنگ پراجیکٹ کی تعمیر میں باقاعدگیوں کا الزام ہے جس میں قومی خزانے کو 4ارب کا نقصان پہنچاہے ۔ اجلاس میں پاکستان پٹرولیم کے افسران اور دیگر کیخلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیا ۔ ملزموں پر پی پی ایل کے حصص 2012ء میں ایم این ڈی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن لمیٹڈ کو کم قیمت پر فروخت کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا ۔ اجلاس میں ایف جی ایس،انچارج پی آر سی سریاب کوئٹہ عنائت اللہ محکمہ خوراک کے حکام اور دیگر کیخلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔ ملزموں پر 2014-15ء کے دوران پی آر سی سریاب کوئٹہ سے گندم کے تھیلوں کی خرد برد اور بدعنوانی کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 278.70ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔ سابق سیکرٹری محکمہ خصوصی تعلیم حکومت سندھ نور محمد لغاری، حکومت سندھ اور دیگر کیخلاف دوبارہ انکو ا ئری کی منظوری بھی دی گئی، ملزموں پر غیر قانونی بھرتیوں ، وردیوں کی خریداری کیلئے مختص فنڈ اور معذور افراد کے ڈیلی الاؤنس میں خرد بر د کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو 200ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔ ایگزیکٹو بورڈ نے عدم ثبوت کی بناء پر سپیکر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا اسد قیصر اور رکن قومی اسمبلی سیالکوٹ سید افتخار حسین شاہ کے مقدمات بندکرنے کا بھی فیصلہ کیا۔اس موقع پر چیئرمین نیب تمام افسران کو شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں، انویسٹی گیشن، میرٹ ، شفافیت اور قانون کے مطابق نمٹانے کی ہدایات بھی جاری کیں ۔

مزید :

صفحہ آخر -