بنوں کیلئے دو نئی تحصیلوں ،تحصیل بنوچی اور تحصیل بکا خیل کے قیام سے متعلق وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی

بنوں کیلئے دو نئی تحصیلوں ،تحصیل بنوچی اور تحصیل بکا خیل کے قیام سے متعلق ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر کی زیر قیادت بنوں کے کثیر تعدادمیں عمائدین سینکڑوں ملکان و مشران پر مشتمل ایک جرگہ نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے پشاورمیں ملاقات کی اور بنوں کیلئے دو نئی تحصیلوں یعنی تحصیل بنوچی اور تحصیل بکا خیل کے قیام کا مطالبہ پیش کیا۔اس موقع پروزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلدبنوں کا دورہ کرکے دونوں تحصیلوں کے قیام کااعلان کریں گے۔ اس موقع پر وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی،ایم پی اے ضیاء اللہ بنگش،سیکرٹری خزانہ اور سینئرممبر بورڈ آف ریونیو بھی موجود تھے۔معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے دو تحصیلوں کے قیام کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بنوں سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی نے اس حلقے کے عوام کو ایک تحصیل بھی نہیں دی جبکہ موجودہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ان کے علاقے کادیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے دو تحصیلیں بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع بنوں کی مخالف پارٹیوں خاص طور پر جمعیت علماء اسلام اور مسلم لیگ(ن) نے تحصیل کے مسئلے کو سیاسی رنگ دینے کیلئے وزیر اور بنوچیوں کے مابین نفرت پھیلانے کی کوششیں کیں لیکن اب لوگوں میں شعور بیدار ہو چکاہے اور وہ کسی کے دھوکے میںآنے والے نہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا حلقہ بہت وسیع اور پانچ سڑکوں پر پھیلا ہوا ہے جس میں ٹوٹل13یونین کونسلیں ہیں جن میں 6یونین کونسلوں کو ملاکر تحصیل بکا خیل اور7یونین کونسلوں کو ملاکر تحصیل بنوچی تشکیل دی جائیں گی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ان دونوں تحصیلوں کے شفاف قیام کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی۔کمیٹی کے چیئرمین وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی کو مقرر کیاگیا جبکہ باقی دو ارکان میں سیکرٹری خزانہ اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو شامل کیا گیا ہے۔تحصیلوں کے قیام کے اعلان پر وفد کے تمام اراکین نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ ایک تحصیل کے نام اور جگہ کے تعین پر اختلاف مخالف پارٹیوں نے شروع کیاتھا جبکہ دو تحصیلوں کے اعلان کے بعد وہ اختلاف بھی مکمل طور پر ختم ہو گیا اس کے علاوہ انہوں نے میریان روڈبنوں پر جلد ازجلد کام شروع کرانے کا اعلان بھی کیا۔