چاربرس میں 1350سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیب قائم کئے : عاطف خان

چاربرس میں 1350سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیب قائم کئے : عاطف خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ گزشتہ 4سالوں کے دوران ساڑھے 13 سوسے زیادہ سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیب قائم کئے جاچکے ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ اپنے 5سالہ دور حکومت کی تکمیل تک کوئی بھی ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکول آئی ٹی لیب کے بغیر نہ رہے کیونکہ موجودہ جدید دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر تعلیم نامکمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں محکمہ تعلیم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری تعلیم اور ڈائریکٹر تعلیم نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو شعبہ تعلیم میں جاری مختلف منصوبوں اور پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ان پر پیش رفت کے بارے میں بتایا۔وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے متعارف کردہ اصلاحاتی ایجنڈے پر کام تیز کیا جائے اور مقررہ مدت میں ا ن پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی ترقی کا واحد زینہ ہے اور تعلیم کو فروغ دیئے بغیر ترقی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا اس لئے ہماری حکومت کی پوری توجہ تعلیم پر مرکوز ہے اور اسی لئے بجٹ کا خطیر حصہ اس اہم شعبے پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ عاطف خان نے کہاکہ 30کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ مردان بورڈ کا سپورٹس کمپلیکس 30ستمبر تک مکمل کر دیا جائے گا جبکہ ایبٹ آباد بورڈ کے سپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد بھی عنقریب رکھ دیا جائے گا اور اس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور باقی تمام تعلیمی بورڈز کو بھی اس قسم کی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ 21لاکھ میں سے 14لاکھ بچوں کو فرنیچر فراہم کر دیا گیا ہے اورباقی 7لاکھ بچوں کے لئے فرنیچر کی فراہمی جاری ہے اسی طرح10ہزار پرائمری سکولوں میں پلے ایریاز کے قیام پر بھی کام جاری ہے اور اب تک 7ہزار سے زیادہ سکولوں میں پلے ایریازکا قیام عمل میں لایا جا چکاہے۔