ڈپٹی سپیکر کا حویلیاں میں گرڈ اسٹیشن کی تعمیر میں تاخیر پر برہمی کا اظہار

ڈپٹی سپیکر کا حویلیاں میں گرڈ اسٹیشن کی تعمیر میں تاخیر پر برہمی کا اظہار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے حویلیاں گرڈ اسٹیشن کی تعمیر میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جنرل منیجر پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کو اس منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے لیے فوری اقدامات اٹھانے اور تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے یہ ہدایات جنرل منیجر پیسکو محمد امجد خان، چیف انجینراکبر خان پیسکو اور پروجیکٹ منیجر پیسکو فواد عزیز سے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی اپنی ملاقات میں دیں۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ فنڈز کے اجراء کے باوجود حویلیاں گرڈ اسٹیشن کی تعمیر میں تاخیر پیسکو کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے بروقت مکمل نہ ہونے سے اہل علاقہ کو LowVotageاور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ LowVotageاور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اہل علاقہ کو نہ صرف شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ اس سے حویلیاں اور ملحقہ علاقوں میں قائم صنعتی یونٹس بھی اس کی وجہ سے بری طر ح متاثر ہو رہے ہیں ۔انہوں نے پیسکو کو اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے فوری اقداما ت اٹھانے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ منصوبے کو مکمل کرنے میں مزید کسی تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ جنرل مینجر پیسکومحمد امجد خان نے منصوبے پر ہونے والے کی کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا ڈپٹی سپیکر کو نومبر 2017کے اوائل میں گرڈ اسٹیشن کو مکمل کرنے کا یقین دلایا ۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ اپنے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اس پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے NA-18میں بجلی سپلائی کے منصوبوں پر ہونے والے کام کی سست روی پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جس سست رفتاری سے ان منصوبوں پر کام ہو رہا ہے اگلے دو سالوں میں بھی ان منصوبوں کا مکمل ہونا مشکل نظر آ رہا ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ تر قیاتی بجٹ میں NA-18 میں بجلی کے مختلف منصوبوں کے لیے 36کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں لیکن پیسکو اب تک 200کھمبے بھی نہیں لگا سکا۔انہوں نے چیف ایگزیکٹو پیسکو کو ان منصوبوں کی بروقت تکمل کے لیے فوری طور پر بورڈ آف ڈائریکٹر کی میٹنگ بلا کر مربوط لائحہ عمل واضح کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں تعینات پیسکو کا موجودہ عملہ ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ناکافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے پیسکو کے عملے کی تعداد اور استعداد کار میں اضافے کے علاوہ پرائیویٹ فرمز کو ہائر کرنے کی بھی ہدایت کی ۔