محرم الحرام میں دہشتگردی کے پیش نظر رینجرز اور سندھ پولیس نے مشترکہ حکمت عملی تیار کرلی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) محرم الحرام میں دہشتگردی کے پیش نظر رینجرز اور سندھ پولیس نے مشترکہ حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔
اس سلسلے میں اعلیٰ سطح کا ایک خصوصی اجلاس رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کی زیر صدارت منعقد ہوا ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خصوصی سیکیورٹی پلان کے ساتھ ساتھ محرم الحرام کے عشرے میں کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ،اس کے علاوہ مجالس ودیگر اجتماع پر خصوصی کیمرے لگانے کے علاوہ سادہ کپڑوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی پر بھی اتفاق کیا گیا ،اجلاس میں داودی بوہرہ کمیونٹی کے زیر اہتمام منعقد ہ مجالس اور خاص طور پر بوہرہ برادری کے آج کراچی پہنچنے والے لیڈران کی سیکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ ڈاکٹر سید نا مفضل سیف الدین عشرہ کی مجالس سے طاہری مسجد صدر میں خطاب کریں گے،جس میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے تقریبا 30 ہزار بوہرہ کمیونٹی کے افراد کراچی پہنچ رہے ہیں ،جبکہ پاکستان میں مقیم بوہرہ برادری کے لاکھوں افراد بھی شریک ہوں گے ،کیونکہ طاہری مسجد صدر کے گنجان اور رش والے علاقے میں واقع ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ،جبکہ کے پی آئی پارسی جمخانہ میں 30 ہزار مہمانوں کو نیاز کا کھانا کھلانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے ،اس صورتحال میں ٹریفک میں خلل اور سیکیورٹی مسائل میں اضافہ ہوگا۔