بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، سیاسی رہنماوں اور کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، سیاسی رہنماوں اور کارکنان کی بڑی ...
بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، سیاسی رہنماوں اور کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے ،نماز جنازہ مولانا طارق جمیل نے شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس میں پڑھائی جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے علاوہ کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔بیگم کلثوم نواز کی تدفین آبائی قبرستان میں میاں محمد شریف کے پہلو میں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر ممنون حسین ،سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ ، شجاعت حسین ،پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی اور اے این پی کے غلام احمد بلور اور دیگر ہنما ، پاکستان تحریک انصاف کے چوہدری سرور ، اسد قیصر اور محمود الرشید سمیت دیگر پارٹیوں کے رہنماﺅں نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔کلثوم نواز کی میت کو ایمبولینس کے ذریعے جناز گاہ میں لایا گیا ۔نوازشریف خود گاڑی چلا کر جنازہ گاہ میں داخل ہوئے جبکہ ان کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر مولانا طارق جمیل موجود تھے۔

ان کے علاوہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ،پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ ،قمر زمان کائرہ ،راجہ پرویز اشرف، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن ، ایم کیو ایم کے فاروق ستار ، خالد مقبول صدیقی، عتیق الرحمٰن اورچوہدری برادران سمیت دیگر سیاسی قائدین ، شریف خاندان اور ن لیگ کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

جمعرات کو بیگم کلثوم نواز کی لندن کی ریجنٹس پارک مسجد میں نماز جنازہ ادا کی گئی تھی، جس میں اہلخانہ اور مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما چوہدری نثار سمیت کئی سیاسی رہنماؤں اور برطانوی پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی تھی۔ لندن میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد بیگم کلثوم نواز کی میت کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے پاکستان روانہ کیا گیا۔

لندن سے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی میت کے ساتھ نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اہل خانہ، نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے اہلخانہ، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری اور برجیس طاہر سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات لاہور پہنچیں جبکہ کلثوم نواز کے صاحبزادے حسین اور حسن نواز پاکستان نہیں آئے۔

بیگم کلثوم نواز کی میت پاکستان آتے ہی اسے شریف میڈیکل سٹی لایا گیا جہاں نواز شریف، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد نے مرحومہ کا آخری دیدار کیا۔ بیگم کلثوم نواز کی میت کو نماز جنازہ سے قبل شریف میڈیکل کمپلیکس کے سرد خانے میں رکھا گیا ہے جہاں شریف خاندان کے افراد موجود ہیں جبکہ کسی اور شخص کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام جاتی امرا کے شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں ہی ادا کی جائے گی اور معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔نماز جنازہ کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ جناز گاہ میں صفوں کی نشاندہی کے لیے لائنیں لگائی گئی ہیں جب کہ لاؤڈ اسپیکر بھی نصب کردیا گیا ہے۔

مزید : قومی /سیاست /علاقائی /پنجاب /لاہور /اہم خبریں