شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 3 جوان شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 3 جوان شہید، 4 دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 3 جوان شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں فعال دہشت گرد آفتاب سمیت 4 عسکریت پسند مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن 12 ستمبر اور دسمبر 2017ء میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کیا گیا، دسمبر 2017ء میں فوجی کانوائے پر حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ معین شہید ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد پوری طرح مسلح تھے اور ان کی جانب سے سخت مزاحمت بھی کی گئی جب کہ اس کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوانوں نے جامِ شہادت بھی نوش کیا جن میں نائب صوبیدار نذر احمد چانڈیو، سپاہی فخر اور سپاہی عامر شامل ہیں۔
دریں اثنا سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرکے علاقے کو کلیئر کردیا ہے۔