سپریم کورٹ نے 10 سالہ بچے کو 11 برس کی سزا کاٹنے کے بعد رہا کروادیا، جیل میں کیوں تھا؟ جان کر ہر پاکستانی افسردہ ہوجائے

سپریم کورٹ نے 10 سالہ بچے کو 11 برس کی سزا کاٹنے کے بعد رہا کروادیا، جیل میں ...
سپریم کورٹ نے 10 سالہ بچے کو 11 برس کی سزا کاٹنے کے بعد رہا کروادیا، جیل میں کیوں تھا؟ جان کر ہر پاکستانی افسردہ ہوجائے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سپریم کورٹ نے منشیات کے کیس میں قید 21 سالہ نوجوان کی رہائی کا حکم دے دیا۔ رہائی پانے والے نوجوان کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب اس کی عمر 10 سال تھی، مختلف عدالتوں میں مقدمہ زیر سماعت رہنے کے بعد اسے سپریم کورٹ سے 11 سال بعد رہائی نصیب ہوئی ہے۔
جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے ملزم بچے کی بریت کے لئے دائر اپیل کی سماعت کی تو خاتون وکیل ملکہ صباح اور خواجہ محمد سعید ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ استغاثہ نے 10سال کے بچے سے 4من سے زائد چرس برآمدگی کا الزام لگایاجبکہ منشیات برآمد کرنے والے تفتیشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ منشیات کا مالک مقدمہ میں نامزد ایک ریاض نامی شخص تھا جبکہ منشیات کے سیمپل بحفاظت لے کر جانابھی ثابت نہیں ہوتا ، فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ بھی واضح نہیں ہے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر پنجاب عبدالوحید نے عدالت کو بتایاکہ منشیات کے مقدمہ کادو سال بعد چالان پیش ہونا بھی شکوک کو جنم دیتا ہے۔
پاکستان 24 کے مطابق جسٹس سجاد علی شاہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک حالیہ فیصلہ کی روشنی میں اگر منشیات کے سیمپل بحفاظت لے کرجاناثابت نہ ہوتوایسی صورت میں ملزم کی بریت کا مقدمہ بنتا ہے۔ عدالت نے جیوونائیل کورٹ اور ہائیکورٹ کے فیصلے کالعدم قراردیتے ہوئے آبزرویشن دی کہ بچے کو فوری طورپر رہا کیا جائے۔
عدالت کے باہر ملکہ صباح ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ نوجوان عدنان کو ٹی بی کا مرض لاحق ہو چکا ہے اور اسے جیل حکام ہرہفتے فیصل آباد کے ہسپتال علاج کےلئے لے کرجاتے ہیں۔ ٹرائل کورٹ نے بچے کو 13سال کی عمر میں عمر قید اور 10لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے24مارچ2014کواپیل مسترد کرتے ہوئے سزابرقراررکھی تھی، بچے کی سزا تقریباپوری ہونے والی ہے۔
ملکہ صباح ایڈووکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ بچے کو 10سال کی عمر میں شیخوپورہ کے علاقے فیروز والا سے 8اگست 2007 کوگرفتار کیاگیا اورکہاگیا کہ وہ چنگ چی رکشے پر 4من3کلوچرس اور180گرام ہیروئن رکشے پرلے کر جارہاتھاجبکہ دیگرملزمان موقع سے فرارہوگئے تھے۔