’آئی فون کے نئے ماڈل میں یہ بڑی خرابی ہے کہ۔۔۔‘ خواتین نئے آئی فون کے خلاف میدان میں آگئیں کیونکہ۔۔۔
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایپل نے دو روز قبل ہی اپنا نیا آئی فون ماڈل ’ایکس ایس میکس‘ متعارف کروایا ہے جو سائز میں آئی فون کی تاریخ کا سب سے بڑا ماڈل ہے۔ اس کی سکرین 6.5انچ کی ہے۔ اب دو دن بعد ہی خواتین اس ماڈل کے خلاف میدان میں آ گئی ہیں اور اس کی ایسی خرابی بیان کر دی ہے کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق خواتین کا کہنا ہے کہ ”ایپل نے اس ماڈل کا سائز بہت بڑا بنایا ہے جسے ہاتھ میں قابو رکھنا اور چلانا خواتین کے لیے بہت مشکل ہے۔ یہی نہیں بلکہ یہ فون بہت بڑے سائز کا ہونے کے باعث ان کے ہاتھوں کی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہو گا۔“
خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں بھی اس نئے بڑے سائز کے ماڈل پر ایپل کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ کیرولین کریاڈو پیریز نامی کارکن کا کہنا تھا کہ ”آئی فون 6ہی بہت بڑے سائز کا تھا، میں نے جب یہ خریدا تو چند دن بعد ہی مجھے آر ایس آئی (Repetitive strain Injury)کا عارضہ لاحق ہو گیا۔ یہ ماڈل تو اس سے بھی بڑا ہے۔ یہ یقینا خواتین کے ہاتھوں کو نقصان پہنچائے گا۔ خواتین مردوں سے زیادہ آئی فون خریدتی ہیں۔ چنانچہ میں حیران ہوں کہ ایپل نے یہ ماڈل ڈیزائن کرتے ہوئے خواتین کو ذہن میں کیوں نہیں رکھا۔ہم اگر اس پر غصے میں ہیں تو بجا طور پر ہیں۔ ہم بھی مردوں کے برابر ہی فون کی قیمت ادا کرتی ہیں لیکن اسے مناسب طریقے سے چلا نہیں پاتیں۔“