محکمہ پولیس میں لاپروائی، غفلت اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی:کیپٹن (ر) عارف نواز خان

محکمہ پولیس میں لاپروائی، غفلت اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کو کسی قسم ...
محکمہ پولیس میں لاپروائی، غفلت اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی:کیپٹن (ر) عارف نواز خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ساہیوال(ڈیلی پاکستان آن لائن) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ ادارے میں لاپروائی، غفلت اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی،اگر کسی پولیس آفسر کاقبضہ مافیاسےتعلق ثابت ہوایاکسی نےایسےعناصرکی سرپرستی کی تووہ یادرکھےاسکی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہو گی،پولیس 

 سروس صرف ملازمت نہیں بلکہ اللہ پاک کا عطا کردہ خاص اعزاز ہے، جس کے فرائض کو ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کرکے پولیس افسران و ملازمین دنیا کے ساتھ ساتھ اپنی آخرت بھی سنوار سکتے ہیں

تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں پولیس دربار کے دوران پولیس افسران و ملازمین سے خطاب کرتے ہوئےآئی جی پنجاب  کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے لئے جدید تربیت اور ریفریشر کورسز  میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں کیونکہ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ فورس ہی کرائم میں آنے والی جدت اور ٹیکنالوجی کا مقابلہ کر سکتی ہے،اس سلسلے میں پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں جدید انویسٹی گیشن سکلز اور ماڈیولز کی عملی تربیت کیلئے پولیس سکول آف انویسٹی گیشن بہت جلد آپریشنل ہوجائے گا جس سے صوبے کے تمام انویسٹی گیشن افسران مرحلہ وار استفادہ حاصل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوام دوست پولیسنگ اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا تے ہوئے اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنا کر ہی پولیس کے مجموعی تشخص کو بہتر بنایا جاسکتا ہے،اس سلسلے میں پوری فورس کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے بھرپور محنت، نیک نیتی، صدق دل اور خوش اخلاقی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرنے کی ضروررت ہے کیونکہ عزت کمانے کے لئے ہمارے پاس بہترین کارکردگی کے مظاہرے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر پولیس افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا جائے اور میرٹ پر فوری ان کے مسائل حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری، نیک نیتی اور فرض شناسی ہی ہماری پہچان ہے اس لئے لاپروائی، غفلت اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور اگر کسی کا قبضہ مافیا سے تعلق ثابت ہوایا کسی نے ایسے عناصر کی سرپرستی کی تو وہ یاد رکھے اس کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہو گی۔
ریجنل آفس ساہیوال پہنچنے پر آر پی او ساہیوال ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی پی او ساہیوال کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء، ڈی پی او اوکاڑہ جہانزیب نذیر اور ڈی پی او پاکپتن سلیم وڑائچ نے آئی جی پنجاب کا استقبال کیا۔ ریجنل پولیس آفس پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ آر پی او ساہیوال ہمایوں بشیر تارڑ نے آئی جی پنجاب عارف نوازخان کو ریجن میں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصرکے خلاف پولیس کے کریک ڈاؤن اور کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی جس پرآئی جی پنجاب نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آر پی او ساہیوال نے انہیں ساہیوال ریجن میں پولیس ورک سے متعلق موبائل ایپلیکیشن پر جاری کام سے بھی آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے یادگار شہداء پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پولیس لائنز ساہیوال میں ملازمین کے لئے فری ڈسپنسری، میس اور کینٹین کا افتتاح کیا اس موقع پر انہوں نے شہید ہیڈ کنسٹیبل محمد ارشاد جس کے نام پر ڈسپنسری کا نام رکھا گیا ہے کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے ڈی پی او ساہیوال کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ باقی افسران بھی ان کی تقلید کریں۔ انہوں نے ڈی پی او آفس میں ملازمین کے لئے بنائی گئی کینٹین کا افتتاح بھی کیا۔ پولیس دربارمیں آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کا فریضہ ہم لوگوں کو نصیب ہوا ہے اور ہم لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوان اور افسران محنت، ایمانداری اور جوش و جذبے سے کام کریں اور عوام کو انصاف فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے اورجدید ٹیکنالوجی بروئے کار لاتے ہوئے مقدمات کی مؤثر تفتیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ پیشہ وارانہ مہارت سے محرم ڈیوٹی انجام دینے پر میں آپ کو شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے ملازمین کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ پنشن کا طریقہ کار بہتر بنا یا جا رہا ہے جبکہ آئی ٹی کیڈر کا سروس سٹرکچر بھی بنایا جارہا ہے، میری کوشش ہے کہ موبائل لوکیٹر ہر ریجن کو دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی ون کا کوٹا بھی بڑھایا جارہا ہے اور عمرے کے چھٹی بیس دن کی کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس کی بھی الگ ساہیوال رینج بنانے پر کام شروع ہو چکا ہے اور پٹرولنگ ملازمین کی پروموشن اور سنیارٹی کا طریقہ کار بھی وضع کیا جارہا ہے۔