سینئر شہریوں کے لئے پی آئی اے کی رعایت!

سینئر شہریوں کے لئے پی آئی اے کی رعایت!

  

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی طرف سے گذشتہ دِنوں اندرون ملک کے لئے سفر کے کرایوں میں رعایت دی گئی تھی،اب بزرگ(سینئر) شہریوں جن کو معمر کہا گیا کے لئے مزید 10سے20 فیصد رعایت کا اعلان کیا اور نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اس کے مطابق کینیڈا سے آنے والوں کے لئے15فیصد، سکھر سے اسلام آباد کے لئے10ہزار روپے اور فیصل آباد سے کراچی کے لئے 20 فیصد کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔لاہور،کراچی اور اسلام آباد، لاہور اور کراچی کا کوئی ذکر نہیں، یہ جتنا بھی ہے حوصلہ افزا ہے۔دُنیا بھر میں زیادہ عمر کے حضرات کو ”سینئر سٹی زن“ شمار کیا جاتا (معمر نہیں) اور ان کو بہت سی رعائتوں سے نوازا جاتا ہے۔ پاکستان میں بھی بزرگوں کے احترام کے لئے بہت کچھ کیا جاتا ہے،ریلوے میں رعایت بھی شامل ہے، جبکہ بنکوں، ڈاکخانوں، عوامی مفاد کے محکموں اور شعبوں تک ہر جگہ ایسے شہریوں کے لئے الگ کاؤنٹر بنائے گئے ہیں، لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ان پر پوری طرح عمل نہیں کیا جاتا۔ اول تو جواں سال شہری نہیں مانتے،دوسرے ہر محکمہ کے شعبہ نے الگ کاؤنٹر کے لئے صرف سلپ لگا رکھی ہے،لیکن اس کا استعمال نہیں ہے اور سینئر  شہری بھی مجبوراً قطار ہی میں نظر آتے ہیں۔ صرف پی آئی اے ہی نہیں، ہر شعبہ زندگی میں بزرگ شہریوں کا اسی طرح احترام ہونا چاہئے جیسے دُنیا کے مہذب ممالک میں ہوتا ہے۔ پی آئی اے نے جو رعایت دی اس کے اطلاق کی مکمل تفصیل کا نوٹیفکیشن اور وضاحت ضروری ہے کہ صرف دو سے تین روٹ ہی رعایت کے مستحق ہیں یا پھر یہ سب روٹوں پر ہو گی۔ یوں بھی پہلے ان شہریوں کے احترام کی ہدایات پر عمل ضروری ہے۔

مزید :

رائے -اداریہ -