فرائض میں غفلت برتنے والے افسر یا ملازم کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں: عثمان بزدار

      فرائض میں غفلت برتنے والے افسر یا ملازم کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں: ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رات گئے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بغیر پروٹوکول خود گاڑی ڈرائیو کر کے شہر ی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کی صورتحال کامعائنہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کے انتظامات مزیدبہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے جیل روڈ،فیروزپورروڈ، گلبرگ، لبرٹی اور دیگر علاقوں کا بغیر اطلاع دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار گلبرگ اوردیگر علاقوں میں خراب سٹریٹ لائٹس دیکھ کر شدید برہم ہوئے اور متعلقہ حکام کی کارکردگی پراظہار ناراضگی اورسرزنش بھی کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اورشہر میں سٹریٹ لائٹس کوفنکشنل رکھنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ رات گئے لاہور شہرکے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔بعض علاقوں میں صفائی کی خراب صورتحال دیکھ کر فوری متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔گلبر گ اوردیگر علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کام نہیں کررہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں سٹریٹ لائٹس کوفنکشنل رکھنا میٹروپولیٹن کارپوریشن کے متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے۔سرکاری فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں۔فرائض میں غفلت برتنے والے افسر یا ملازم کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔عوام کے مسائل کے حل میں دن رات ایک کرنے والے افسر و ملازم کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔اچانک دوروں سے شہرکے مسائل کا حقیقی ادراک ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری مسائل کے حل کے لیے ایسے وزٹ آ ئندہ بھی کروں گا۔سردار عثمان بزدار نے مری میں سیاحوں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی اور آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تشدد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مری اور دیگر سیاحتی مقامات پر ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ پولیس سیاحتی مقامات پر تواتر کے ساتھ گشت کا اہتمام کرے۔سردار عثمان بزدارنے معروف عالم دین علامہ ضمیر اختر نقوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے علامہ ضمیر اختر نقوی مرحوم کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ ضمیر اختر نقوی مرحوم ایک بلند پایہ عالم اور ذاکر تھے۔ 

 عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -