کراچی میں 4روز بعد ایک اور عمارت زمین بوس، 2افرد جاں بحق، 12زخمی
کراچی(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)کراچی کے علاقے لیاری کی بہار کالونی میں کوئلہ گودام کے قریب 2 منزلہ عمارت گر گئی، جس کے ملبے کے نیچے دب کر 2 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے ہیں،گورنر سندھ نے رہائشی عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے عمارت گرنے کے حادثے کو پڑوسی پلاٹ پر گہرا گڑھا کھودنے کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے پلاٹ مالک اور مشینری ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ایک شخص کی شناخت جان محمد کے نام سے ہوئی ہے جو مزدوری کرتا تھا دوسرے کی شناخت نہیں ہوسکی۔زخمیوں میں عبدالرحمان، داؤد، حبیب، عمیر خان، شیر خان، سمیع اللہ، ریاض، حبیب سعید اور عمر خان شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیاگیاہے۔ کراچی میں چار روز کے اندر یہ رہائشی عمارت گرنے کا دوسرا واقعہ ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق گرنے والی عمارت سے متصل ایک عمارت تعمیر کی جا رہی تھی جس کے لیے شاول چلنے کی وجہ سے گرنے والی عمارت کی بنیادیں مخدوش ہو گئیں۔
عمارت منہدم