رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجا کے شوہر کا ایڈیشنل سیشن جج سے جھگڑا 

رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجا کے شوہر کا ایڈیشنل سیشن جج سے جھگڑا 

  

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجا کے خاوند نے ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ دفترخارجہ کے قریب واقع پیٹرول پمپ پر دو گاڑیوں میں بیٹھے افراد میں پہلے جانے کے معاملے پر تکرار ہوئی جو ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔ایک گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت چوہدری خرم کے نام سے ہوئی جو عابدہ راجا کے شوہر ہیں، جھگڑے کے وقت رکن صوبائی اسمبلی بھی گاڑی میں موجود تھیں جبکہ دوسری گاڑی میں ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر موجود تھے۔ دونوں گاڑیاں جب دفتر خارجہ کے آفس کے قریب پہنچی تو عابدہ راجا کے شوہر چوہدری خرم پیٹرول پمپ  پرگاڑی سے اتر کر ایڈیشنل سیشن جج کی کار  کے قریب گئے اور ان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا جس کی وجہ سے جہانگیر اعوان کی ٹانگ میں فریکچر بھی ہوا۔ایم پی اے کے شوہر کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنانے پر ایڈیشنل سیشن جج نے ہوائی فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ دو پارٹیوں میں جھگڑا ہوا ہے اور انہیں تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپ پر جھگڑے سے قبل دونوں پارٹیوں کے درمیان کچھ فاصلہ پیچھے بھی جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد پٹرول پمپ پر پہنچنے کے بعد ان میں ہاتھا پائی ہوئی اور پھر فائرنگ کی۔زخمی ہونے والے جج کو پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حقیقت بھی سامنے آگئی ہے۔

ہاتھا پائی

مزید :

صفحہ آخر -