معیشت کی ترقی کیلئے قومی سطح پر ”تھنک ٹینک“ کا قیام ناگزیر 

  معیشت کی ترقی کیلئے قومی سطح پر ”تھنک ٹینک“ کا قیام ناگزیر 

  

 کراچی /لاہور(کامرس ڈیسک) پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی کیلئے قومی سطح پر '' تھنک ٹینک '' کا قیام نا گزیر ہے،ایسی قومی پالیسی تیار کی جائے جس پر حکومتوں کی تبدیلی کے اثرات مرتب نہ ہوں،برآمدات کے فروغ کیلئے اعلانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،پاکستانی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ اور تشہیر کیلئے مختلف ممالک میں منعقدہ نمائشوں میں زیادہ سے زیادہ وفود کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر، چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد،ملک اکبر، اعجا زالرحمان اور میجر (ر) اختر نذیر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔کارپٹ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ دنیا اب ایک دوسرے کو معاشی میدان میں پچھاڑرہی ہے اس لئے ہمیں بھی اپنے معاشی ڈھانچے کا از سر نو جائزہ لینا ہوگا۔معیشت کے حوالے سے قومی پالیسی تیار کرکے اس کی دستاویز کو قانونی حیثیت دی جائے تاکہ حکومتوں کی تبدیلیوں کے اثرات اس پر اثر انداز نہ ہوں۔برآمدات کے فروغ کیلئے نئی منڈیا ں تلاش کی جائیں، مقامی انڈسٹری خصوصاً برآمدی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے اور انہیں مراعات اور سہولیات دی جائیں۔ دنیا کے مختلف ممالک خصوصاًخطے کے حریف ممالک کا مقابلہ کرنے کے لئے برآمدی انڈسٹری کی غیر مشروط سرپرستی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات معیار کے اعتبار سے اپنی پہچان رکھتی ہے لیکن موثر مارکیٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوتے۔ مختلف ممالک میں منعقدہ نمائشوں میں مختلف تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کے وفود کی شرکت کو یقینی بنایا جائے اور اہداف حاصل کر کے آنے والوں کی ستائش کی جائے۔ 

مزید :

کامرس -