کراچی، حکومتی اخراجات میں 5ہزار ارب روپے کی بچت ہوئی: عبد الحفیظ شیخ 

  کراچی، حکومتی اخراجات میں 5ہزار ارب روپے کی بچت ہوئی: عبد الحفیظ شیخ 

  

 کراچی(اسٹاف رپورٹر) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ دو سال کے دوران حکومتی اخراجات میں 5ہزار ارب روپے کی بچت ہوئی ہے، کورونا کی وجہ سے برآمد کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔ حکومت نے اپنے اخراجات میں کمی کر کے فری ٹیکس بجٹ دیا اور پاک فوج کے بجٹ میں بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔خصوصی گفتگوکے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت نے کاروباری طبقے کو آسان کاروبار کے لیے سہولیات فراہم کیں جبکہ کورونا کے دوران حکومت نے امدادی پیکیج بھی دیا اور متاثرین کی مدد کی،حکومت نے مستحقین میں رقم بھی شفافیت سے تقسیم کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف ایک کروڑ 60 لاکھ افراد کی مالی مدد کی بلکہ حکومت نے پسماندہ طبقے کی بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی۔عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ہم نجی شعبوں اور بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔مشیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ مالی سال حکومت نے کوئی ضمنی گرانٹ نہیں دی تاہم اخراجات کو کم کرنے کے لیے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ حکومت نے برآمدات میں اضافے کے لیے متعدد مراعات دیں۔انہوں نے کہا کہ 2 سال کے دوران حکومتی اخراجات میں 5 ہزار ارب روپے کی بچت کی گئی۔

روس کی تیار کردہ کورونا ویکسین کامیاب، ملک بھرمیں تقسیم شروع

 ماسکو(آئی این پی)  روس نے مقامی طور پر تیار کردہ کرونا وائرس ویکسین کی ملک بھر میں فراہمی شروع کردی، حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ ویکسین کامیاب رہی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے دنیا کی پہلی رجسٹرڈ کرونا وائرس ویکسین کی ابتدائی کھیپ اپنے تمام شہروں، قصبوں، دیہاتوں اور دور دراز کے علاقوں میں بھجوانی شروع کردی ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ ویکسین کامیاب رہی ہے لہذا اب اسے پورے ملک میں بڑے پیمانے پر فراہم کیا جا رہا ہے۔ روسی وزیر صحت مرشککو کا کہنا ہے کہ حکومت ملک کے 85 ریجنز میں منظم ترسیل کے نظام کو یقینی بنانے کے لیے سپلائی چین کی جانچ کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سپتنک وی ویکسین کی افادیت اور حفاظت کی جانچ کے ساتھ روسی حکومت کا منصوبہ ہے کہ ویکسین کی دستیابی تمام روسی شہریوں، خاص طور پر کرونا وائرس کے خطرے کا زیادہ شکار افراد تک مثر طور پر یقینی بنانا ہے۔

روس ویکسین 

لندن (این این آئی)برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز کمپنی استرا زینیکا کی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تیاری کے مرحلے سے گزرنے والی ویکسین کا ٹرائل ایک ہفتے کے تعطل کے بعد دوبارہ شروع کردیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس ٹرائل کو ایک رضاکار کے نامعلوم وجہ سے بیمار ہونے کے بعد روک دیا گیا تھا۔ویکسین کے ٹرائل کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ ایک خودمختار سیفٹی ریویو کمیٹی اور برطانوی طبی ریگولیٹرز نے کیا۔حکام نے پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے اب بھی رضاکار کی بیماری کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دنیا بھر میں 18 ہزار افراد کو ٹرائلز کے دوران ویکسین استعمال کرائی گئی، اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والے ٹرائل میں یہ ممکن ہے کہ کچھ رضاکاروں کی طبعیت خراب ہوجائے، اس طرح کے ہر کیس کا احتیاط سے تجزیہ کرکے تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔استرا زینیکا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وہ دنیا بھر میں حکام کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے تاکہ وہاں طبی ٹرائلز دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جاسکے۔اس سے قبل ٹرائل روکنے کے حوالے سے کمپنی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ آکسفورڈ کورونا وائرس ویکسین کے بے ترتیب اور کنٹرولڈ عالمی ٹرائل کے حصے کے تحت ہمارے معیاری جائزے کے عمل کے لیے ویکسینیشن کو روک دیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ معمول کی کارروائی ہے جو اس وقت کی جاتی ہے جب ٹرائل کے دوران کسی کو بھی ممکنہ طور پر نامعلوم بیماری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس تفتیش کے دوران ویکسین کی آزمائش کی سالمیت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔کمپنی نے مزید کہا کہ بڑے ٹرائلز میں اتفاقیہ طور پر بیماریاں ہوں گی لیکن آزادانہ طور پر اور احتیاط سے ان کا جائزہ لیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا کہ ہم آزمائشی ٹائم لائن پر کسی بھی ممکنہ اثر کو کم کرنے کے لیے ایک ہی پروگرام سے متعلق جائزے کو تیز کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، ہم اپنے ٹرائلز میں شرکا کی حفاظت کے پابند ہیں۔اس ویکسین کی آزمائش مریکا، برطانیہ، لاطینی امریکا، ایشیا، یورپ اور افریقہ میں کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی اس ویکسین کا ٹرائل آخری مرحلے سے گزر رہا ہے اور پہلے کہا جارہا تھا کہ یہ ستمبر تک تیار ہوسکتی ہے، مگر اب اس میں مزید کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

آکسفورڈ ویکسین

وزیر اعظم عمران خان کل لاہور آئیں گے

لاہور(این این آئی) وزیر اعظم عمران خان کل بروز منگل لاہور آئیں گے۔ وزیراعظم عمران خان سے گورنر چوہدری محمد سرور اور وزاعلیٰ سردار عثمان بزدار ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کو لاہور سیالکوٹ موٹر وے زیادتی کیس میں ہونے والی پیشرفت کی رپورٹ پیش کی جائے گی جبکہ اس موقع صوبے کے امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ 

وزیراعظم لاہور

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کا سرچ آپریشن جاری، درجنوں نوجوان گرفتار 

 سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں کا محاصرہ کرکے تلاشی کی کارروئیاں شروع کردیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجی آپریشن کے دوران درجنوں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ کئی مقامات پر لوگوں نے گھروں سے باہر آکر احتجاجی مظاہرے کئے۔ قابض فوج نے ضلع پلوامہ کے علاقوں پانپور اورترال میں پوسٹرزچسپاں کرنے او رمجاہدین کی مدد کرنے کے الزام میں 4نوجوانوں کو گرفتارکیاہے۔ کریم آباد پلوامہ میں چھاپوں کے دوران 5 نوجوانوں کو گرفتارکیاگیا۔ اونتی پورہ سے بھی 3نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ مینڈھرمیں قابض فوج نے باپ بیٹی کو گرفتارکرکے ان پر مجاہدین کی مدد کرنے کا الزام لگایا ہے۔ کئی علاقوں میں لوگوں نے سڑکوں پر آکر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے۔علاوہ ازیں ضلع اسلام آباد کے علاقے ڈوروسے بھارتی فوجی کا بھائی لاپتہ ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 21 سالہ یاسر احمد وانی منگل کے روز صبح دس بجے کے قریب اپنے گھر سے نکلا اور اس کے بعد سے اس کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

کشمیری گرفتار

وقار الحسن انتہائی شریف اور نمازی ہے: والدین، عابد عادی مجرم: محلے دار 

 لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)موٹر وے بد اخلاقی کیس میں خود کو پولیس کے حوالے کرنیوالے ملزم وقار الحسن کی والدہ کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔ وقار الحسن کی والدہ کا کہنا تھا میرا ایک بیٹا بیمار ہے، دوسرے بیٹے وقار کو جب واقعے کا پتا چلا تو اس نے کہا کہ میں پیش ہو رہا ہوں۔والدہ وقار الحسن کا کہنا تھا میرے بیٹے نمازی اور پرہیزگار ہیں ان کی زندگی بخش دی جائے، اگر میرے بیٹے میں کوئی عیب ہوتا تو وہ پیش ہی نہ ہوتا۔وقار الحسن کی والدہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی قلعہ ستار شاہ میں موٹر سائیکل مرمت کی دکان ہے، وقار کی 4 بیٹیاں اور 2 بیٹے ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اپیل کی ہے کہ میرے بیٹے کے ساتھ انصاف کیا جائے۔خیال رہے کہ موٹر وے زیادتی کیس میں نامزد ایک ملزم وقار الحسن نے سی آئی اے ماڈل ٹاؤن میں جا کر خود اپنی گرفتاری پیش کی تھی جب کہ دوسرا ملزم عابد تاحال مفرور ہے اور پولیس اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ والد کا کہنا تھامشتاق کا کہنا تھا کہ وقار محنت مزدوری کرکے گھر چلا رہا ہے، موٹر سائیکلوں کی دکان پر کام کرتا ہے۔وقار کے اہل محلہ کا بھی یہی مؤقف ہے کہ وقار 20 سال سے علی ٹاٗون میں رہ رہا ہے اور محنت مزدوری کر کے پیٹ پالتا ہے، وہ اس طرح کا شخص نہیں ہے، اس پر غلط الزام لگایا گیا ہے۔دوسری جانب سیالکوٹ موٹروے اجتماعی زیادتی کیس کے دوسرے مر کزی ملزم عابد علی کے اہل علاقہ سے بات کی گئی تو وہ سب اس کے کرتوتوں پر پھٹ پڑے، مقامی افراد کا کہنا تھا کہ عابد پہلے بھی چوری اور راہزنی جیسی وارداتوں میں ملوث رہا ہے، لوگوں کی عزت اس سے محفوظ نہ تھی، اگر حکومت پہلے اسے کڑی سزا دیتی تو لاہور جیسا واقعہ نہ ہوتا۔ مقامی زمیندار حنیف کا کہنا ہے کہ عابد یہاں 10 سال رہ کر گیا ہے، ہر کسی کو تنگ کرنا اس کا معمول تھا۔

والدہ

آپریشن سے قبل ہی ملزم وقار کا براد نسبتی عباس غائب ہو گیا

شیخوپورہ(سلمان ارشد شیخ سے)خاتون کیساتھ بد اخلاقی کے واقعہ میں ملوث ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے گزشتہ رات کوٹ پنڈی داس اور غازی کوٹ میں ہونیوالا آپریشن اختتام پذ یر ہوگیا،دوران آپریشن پورے علاقہ کو مکمل طور پر سیل کیا گیا اور گھر گھر تلاشی سے علاقہ کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ذرائع کے مطابق وقار الحسن کا برادر نسبتی محمد عباس اس آپریشن کے  پہلے ہی غائب ہوگیا ہے جو وقار الحسن کے نام پر جاری موبائل سم کارڈ استعمال کرتا رہا ہے سرچ آپریشن کے بعد علاقہ کے لوگوں نے بتایا کہ ملزم عابد علی گزشتہ سال ڈیڑھ سال میں اس علاقہ میں آکر رہائش پذیر ہوا جس کا بظاہر کوئی کاروبار نہ تھا مگر اسکا رہن سہن اہل علاقہ کی نسبت بہت بہتر تھا کبھی کبھار وہ رات کے اوقات میں فائرنگ بھی کرتا جس پر علاقہ کے لوگو ں نے کوئی خاص توجہ نہ دی  واضح رہے کہ کوٹ پنڈی داس قلعہ ستار شاہ اور اس کی ملحقہ آبادیوں میں پہلے بھی کئی ریکارڈ یافتہ ملزمان پولیس مقابلوں میں گرفتار اور ہلاک ہوچکے ہیں، موٹر وے کی تعمیر کے بعد اس پر ہونے والی پہلی ڈکیتی کے ملزم بھی اسی علاقہ سے گرفتار ہوگئے تھے ذرائع کے مطابق ضلع پولیس نے ان علاقوں میں اب مستقل بنیادوں پر پولیس گشت کا فیصلہ کیا ہے اور دوسری طرف علاقہ کے تمام رہائشیوں کا ریکارڈ اور کوائف بھی جمع کرنا شروع کردیئے ہیں، ذرائع کے مطابق ملزم عابد کے نام موبائل ٹیلی فون کی 4سمیں تھیں لیکن وہ انہیں استعمال نہیں کر رہا تھا، ملزم عابد کا ایک مزید نمبر ملا جس کی مدد سے مبینہ ملز م وقار الحسن تک پولیس کی رسائی ممکن ہوئی جسے ملزم عابد کا شریک جرم قرار دیا گیا۔

آپریشن ختم 

صدر مملکت کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں اجلاس، گورنر سمیت کاروبار ی شخصیات کی شرکت 

 کراچی(اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت اتوارکو گورنر ہاؤس سندھ میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا،اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل،ملک ریاض حسین، عقیل کریم ڈیڈھی، عارف حبیب،محمود مولوی،معروف کاروباری شخصیات فاطمہ گروپ کے فواد مختار، لیک سٹی ہولڈنگ گروپ کے گوہر اعجاز، سیفائر گروپ کے شاہد عبداللہ، یو ایس گروپ کے میاں محمد احسن،طارق رفیع، احمد تبا، ندیم فیروزسمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس میں راوی سٹی اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ راوی سٹی اور بنڈل آئی لینڈ منصوبے غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے پر کشش ہیں۔ان منصوبوں سے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے۔اس موقع پر سرمایہ کاروں نے وزیراعظم کے تعمیراتی صنعت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا

مزدوروں کیلئے مقر کردہ کم سے کم ماہانہ اجرت پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا: شوکت یوسفزئی 

 پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ مزدوروں کے بچوں کے لئے قائم ورکنگ فوکس گرائمر سکولوں کے معیار پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔انہوں نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے مزدوروں کیلئے مقرر کردہ کم سے کم ماہانہ اجرت 17500 روپے پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایاجائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہری پور میں انصاف ویلفیئر ر ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے ہری پور میں قائم ورکنگ فوکس گرائمر سکولوں کا دورہ بھی کیا۔صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ محنت کش ملک کا بہت بڑا اثاثہ ہیں، حکومت مزدوروں کی حالت کار کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرے گی۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں مزدوروں کو بہتر اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مزدور کے لیے کم سے کم اجرت جو مقرر کی ہے اس پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مزدوروں کے بچوں کے لیے قائم سکولوں پر کروڑوں روپے ماہانہ خرچ کئے جاتے ہیں تاکہ ان کو معیاری تعلیم دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ان سکولوں میں بھی سزا اور جزا کا عمل متعارف کرائیں گے اور ان کی نگرانی کے لئے آزاد اور غیر جانبدارانہ مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا جائے گا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مزدوروں کی سوشل سیکورٹی اور EOBI کے ساتھ رجسٹریشن بہت بڑا چیلنج ہے تاہم اسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی طور پر سرمایہ کاری کے لیے بہتر ماحول رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام سے سب سے زیادہ فائدہ خیبرپختونخوا کو ہوگا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حالات بتا رہے ہیں کہ افغانستان کا مسئلہ حل ہونے کی طرف جا رہا ہے۔پاکستان افغانستان میں امن کے قیام کے لیے بہت پر امید ہے اور اس عمل کو بھرپور سپورٹ کر رہا ہے۔

عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مشن ہے‘ ظہور شاکر

پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے حج، اوقاف و مذہبی امور محمد ظہور شاکر نے کہا ہے کہ صوبے کے غریب عوام کو ان کے حقوق کی فراہمی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں جن سے عوام جلد مستفید ہو سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضئع ہنگو دو آبہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے منشور میں بد عنوانی، رشوت اور کمیشن کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے تمام طبقات کو چاہئیے کہ وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا بھر پور ساتھ دیں کیونکہ پی ٹی ا ٓئی ہی عوام کے مسائل صحیح معنوں میں حل کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی کے۔84میں جلد ہی ترقیاتی سکیموں کا آغاز ہو گا تاکہ علاقے کے غریب عوام کو بنیادی سہولیات گھر کی دہلیز پر میسر ہو سکیں۔انہوں کہا کہ تحریک انصاف حکومت جلد ہی انشاء اللہ عوامی بنیادی مسائل سے عوام کو نجات دلائے گی۔

کلین اینڈ گرین خیبر پختونخوا کیلئے تما م وسائل بروئے کار لائینگے: اشتیاق ارمڑ 

پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر ماحولیا ت و جنگلات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین خیبر پختونخوا کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، پی ٹی آئی حکومت نے حقیقی معنوں میں ماحول دوستی کا ثبوت دیا،انہوں نے کہا کہ قدرت نے خیبر پختونخوا کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔وہ پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جنگلات ہمارا قیمتی اور قومی اثاثہ ہے، جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے اور متعلقہ حکام کو جنگلات کی نا جائز کٹائی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، یہ متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنگلات کی نا جائز کٹائی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ٹمبر مافیا کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں کلین اینڈ گرین مہم جاری ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی میں خاطر خواہ کمی آئے گی، خوشگوار ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، صوبے کے عوام کے خلوص کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور ماحولیاتی آلودگی کے عوامل کے خلاف بھی موثر اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین مہم کے تحت صفائی اور ستھرائی و نا جائز تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات جاری ہیں اور کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دیں گے، پہلے دن سے ہی انصاف اور میرٹ کی بالا دستی پر قائم ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام طبقات حکومتی اقدامات کامیاب بنانے کیلئے پی ٹی آئی حکومتی کوششوں کا بھر پور ساتھ دیں گے تاکہ معاشرے میں انصاف پر مبنی نظام پروان چڑھ سکے۔

کیا آپ کی پارٹی جاگ گئی،ادا کار فیروز خان کا بختیاور بھٹو زر داری سے سوال 

کراچی(این این آئی) اداکار فیروز خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی بہن بختاور بھٹو سے خواتین اور بچیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا آپ کی پارٹی جاگ گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور موٹر وے پر خاتون کے ساتھ ہونے والی اجتماعی زیادتی کے افسوسناک واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔  چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بہن بختاور بھٹو نے بھی لاہور موٹروے حادثے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا مدرسوں سے لے کر  پارکنگ، گھروں میں خواتین و بچوں سے لے کر جانوروں تک عصمت دری کے بڑھتے ہوئے واقعات کو نظر انداز کیا گیا۔ پاکستان میں جنسی تعلیم دینے کی ضرورت ہے،زیادتی ناقابل تلافی جرم ہے اور اس سے آگے بڑھنے کا واحد راستہ  دکھاوا کرنے کے بجائے تعلیم ہے۔ ہمیں  مقابلہ کرنے، آواز اٹھانے اور بہتر تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔فیروز خان نے بختاور بھٹو کے اس ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا میں آپ سے پوچھنا چاہتاہوں اتنے سال اقتدار میں رہتے ہوئے آپ کی پارٹی نے کیا کیا؟ کیا آخر کار آپ لوگ جاگ گئے؟

فیروز خان سوال

دیرپا ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہیں‘ رابعہ بصری 

پشاور (سٹاف رپورٹر) ممبر خیبرپختونخوا اسمبلی رابعہ بصری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب دیرپا ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول کے لیے تمام سیکٹرز میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں جبکہ اس کی مانیٹرنگ کے لیے اور کارکردگی جانچنے کے لیے باقاعدہ طور پر اجلاس ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے دیرپا اہداف کے حصول میں حکومت فلاحی و غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ دیگر ترقی یافتہ ممالک میں بھی عوام و حکومت باہمی تعاون سے ترقی کو ممکن بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں کرم ویلفیئر ہوم کی جانب سے نوجوانوں کے لیے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔خاتون ایم پی اے رابعہ بصری نے نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جبکہ وہی قومیں زندہ باد کہلائی جاتی ہیں جو بروقت عملی اقدامات اٹھا کر نوجوانوں کی ذہنی تربیت کرتی ہیں اسی لیے توSDGs میں بھی نوجوانوں کے حوالے سے کافی حد تک کام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی بنانے کے عمل میں نوجوانوں کو شامل کرنا، سماجی اور رضاکارانہ خدمات کی انجام دہی، سیاسی ساخت کے حوالے سے شعور ایسے اقدامات ہیں جو نوجوانوں کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ممبر صوبائی اسمبلی رابعہ بصری نے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے اپنے خطاب میں نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کرم ویلفیئر ہوم کی جانب سے منعقدہ ورکشاپ میں قائدانہ صلاحیتوں، سیاسی ساخت، رضاکارانہ خدمات سمیت نوجوانوں کی دیرپا ترقی کے اہداف کے حصول میں کردار کو سمجھتے ہوئے انہیں دیگر نوجوانوں تک پہنچائیں تاکہ خیبرپختونخوا میں ترقی کے سفر میں نوجوانوں کے تعاون سے تیزی آئے۔ 

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا رائیٹ بینک کالونی تربیلا کا دورہ

صوابی(بیورورپورٹ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے رائیٹ بینک کالونی تربیلہ ڈیم (صوابی) کا دورہ کیا اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تربیلہ یونین کے حالیہ انتخابات میں نو منتخب چیئرمین آفسر خان اور ان کے پینل کے تمام  عہدیداروں کو بھاری اکثریت پر یونین الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی موقع پر موجود شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئیاسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تربیلہ کے ملازمین کے تمام مسائل مل کر حل کرینگے,تربیلہ ملازمین کے بچوں کیلیے کمیونٹی سنٹر(حجرہ)،جم،کرکٹ اکیڈمی، والی بال کورٹ، بیڈمینٹن کورٹ کی منظوری دی ہیں جس پر جلد کام شروع ہو جائیگا۔اسپیکر نے کہا کہ حکومت پہلی مرتبہ کسانوں کی فلاح وبہبود اور شعبہ زراعت کی ترقی کے لئے اصلاحات لے کر آئی ہے۔صوابی میں پہلی مرتبہ یونیورسٹیاں، میڈیکل کالج، کالجز، اسکول، اے کیٹگری ہسپتال سمیت سپورٹس کمپلیکس اور گراونڈز قائم ہوگئے ہیں۔اس موقع پر یونین چیئرمین آفسر خان نے اپنی گروپ کی طرف سے اسپیکر اسد قیصر کا شکریہ ادا کیا۔

کے پی حکومت کاتاریخی وزیر باغ کی رونقیں بحال کرنے کا فیصلہ 

پشاور(این این آئی) صوبائی حکومت نے 10 کروڑ کے فنڈ سے وزیر باغ کی بحالی کے پروگرام سے احیائے پشاور منصوبے کا آغاز کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر باغ کی بحالی کیلئے حکومت کی جانب سے دس کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جس سے مختلف سہولتوں کی فراہمی بھی جائیگی، معاون خصوصی کامران بنگش کے مطابق احیائے پشاور پروگرام کے تحت پشاور کی رونقیں بحال کی جائیں گی۔وزیر باغ کے بعد تاریخی شاہی باغ اور دیگر مقامات کی رونقیں بھی بحالی کی جائیں گی، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت آنے والے نسلوں کے لیے تاریخی ورثوں کو محفوظ بنائے۔احیائے پشاور منصوبے کے تحت عوام کو ایک مرتبہ پھر تفریحی مقامات اپنے اصلی شکل میں میسر ہونگے۔

وزیر باغ

مزید :

صفحہ اول -