موسی کا لونی سے گندگی صاف اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے: حافظ نعیم الرحمن 

  موسی کا لونی سے گندگی صاف اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے: حافظ نعیم الرحمن 

  

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گزشتہ روز نائب امیر ضلع گلبرگ کامران سراج کے ہمراہ حالیہ بارشوں سے متاثرہ موسی کالونی کا دورہ کیا اور رہائشیوں سے ملاقات کی۔اس موقع پر ناظم علاقہ عرفان شاہ، ناظم حلقہ موسی کالونی عبید الرحمن شاہ، محمد حنیف سمیت کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔علاقہ مکینوں نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ بارش کے باعث 3مکانات گرگئے لیکن الخدمت اورجماعت اسلامی کے کارکنان کی مدد سے رہائشیوں کو گھروں سے بحفاظت نکال لیا گیا۔ انہوں نے مزید بتا یاکہ ہم جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکاروں کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے مشکل حالات میں مکمل تعاون کیا جب کہ اس دوران کوئی حکومتی نمائندہ نظر نہیں آیاجو ووٹ لینے کے لیے تویہاں آئے تھے لیکن منتخب ہونے کے بعد اس علاقے کا رُ خ تک نہیں کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ بارش کے دوران اور بعد میں بھی ہمارے رضاکاروں نے متاثرین کی مدد کی اور ہمیشہ آزمائش اور مصیبت کے وقت آگے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اتنے دن گزرنے کے بعد بھی موسی کالونی میں اب تک بارش کا پانی موجود ہے اور گندگی کے ڈھیر ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ بارش کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کو فورا معاوضہ دیاجائے اور علاقے سے گندگی اور کچرے کے ڈھیر کو صاف کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ سابق سٹی ناظم عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے ادوار میں یہاں سے منتخب ہونے والے جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے علاقے میں ریکارڈ کام کرائے تھے لیکن موجودہ حکومتی منتخب نمائندے ووٹ لینے کے بعد علاقوں کا دورہ تک نہیں کرتے تو کام کیا کروائیں گے۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے ساتھ مسلسل نا انصافیوں، حکومتوں کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اورشہر کے گھمبیر مسائل پر مجرمانہ غفلت و لاپرواہی نے آج کراچی کو ملک کا سب سے زیادہ مسائل زدہ شہر بنا دیا ہے۔ پی پی پی اور ایم کیو ایم دونوں کراچی کی تباہی کی ذمہ دار ہیں، پی ٹی آئی نے بھی دو سال میں کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کو حقوق دلانے کے لیے 27ستمبر ”کراچی حقوق مارچ“کا اعلان کیا ہے،جماعت اسلامی کی ”حقوق کراچی تحریک“ حکمرانوں سے عوامی مسائل حل کروانے اور عوام کے حقوق حاصل کرنے کی تحریک ہے۔ 27ستمبر ”کراچی حقوق مارچ“ عوام کے احساسات و جذبات کا حقیقی ترجمان ثابت ہو گا۔ کارکنان اور ذمہ داران تحریک کو تیز کردیں اور مارچ کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل کو برائے کار لاتے ہوئے موثر منصوبہ بندی کے ساتھ کوششیں کریں اور اس کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات کریں۔#

مزید :

صفحہ آخر -