وزیراعظم کا اعلان کردہ کراچی پیکیج شعبدے بازی ہے،محمد زبیر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اعلان کردہ کراچی پیکیج ایک نئی شعبدے بازی ہے،یہ شہرقائد کی ترقی کے لیے مخلص نہیں ہیں،محض اعلانات کرنے سے شہر قائد کی تقدیر نہیں بدلے گی،وفاقی حکومت کو سیاسی انتقام سے فرصت نہیں ہے،بارشوں کے بعد کراچی کی صورت حال انتہائی ابتر ہے،شہریوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مسلم لیگ (ن)ضلع غربی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد میں مسلم لیگ (ن)ضلع غربی کے صدر سعید اللہ آفریدی،جنرل سیکرٹری رانا محمد وارث،نائب صدرسندھ ایاز آفریدی،ملک ریاض،سینئر نائب صدر ضلع غربی راجہ عمران،پی ایس 116کے صدر سلمان خان،پی ایس 115کے صدر طارق علی خان،پی ایس 114کے صدر رحیم سواتی،عبدالحمید گوشہ،ملک محفوظ الرحمن اعوان اور سیکرٹری اطلاعات ضلع غربی عبدالحمید بٹ شامل تھے۔وفد نے سابق گورنر سندھ کو بارشوں کے بعد ضلع غربی کی ابتر صورت حال سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ کئی علاقوں سے اب تک بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی ہے۔علاقے کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،جن کی وجہ ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے۔محمد زبیر نے کہا کہ موجود ہ وفاقی حکومت کے دور میں تمام شعبے تنزلی کا شکار ہیں۔میاں نواز شریف کے دور حکومت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا۔محمد زبیر نے کہا کہ اس حکومت سے کوئی اچھی امید رکھنا اپنے آپ کو دھوکا دینے کے متراد ف ہوگا۔اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور جلد عوام کی جان ان بہروپیوں سے چھوٹ جائے گی۔