حمزہ شہباز کوروناوائرس میں مبتلا، اتفاق ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست 

  حمزہ شہباز کوروناوائرس میں مبتلا، اتفاق ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  لاہور (نمائندہ خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور پنجاب میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن)مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حمزہ 3 روز سے بخار میں مبتلا ہیں۔ مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے فوری اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے علاج کے لیے تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کی جائیں۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ علاج میں سستی یا لاپرواہی سے حمزہ شہباز کی صحت خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔ ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ حمزہ، نواز شریف کا بھتیجا اور شہباز شریف کا بیٹا ہونے کے جرم میں ناحق سزا پا رہا ہے، حمزہ شہباز بہادری سے نیب نیازی اندھیر نگری چوپٹ راج کے سامنے ڈٹا ہوا ہے۔ مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ بدترین سیاسی انتقام حمزہ شہباز کے عزم کو متزلزل نہ کرسکا۔ پاکستان صدر مسلم لیگ(ن) شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے بیٹے کو جیل میں کورونا ہو گیا ہے، حمزہ کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی درخواست ہے۔ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ، حمزہ نے مشرف دور میں نیب مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، اب نیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کا ثابت قدمی سے سامنا کر رہا ہے۔ مشرف دور میں نیب مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے بعد وہ اب نیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کا انتہائی جراتمندی و ثابت قدمی سے سامنا کر رہا ہے۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر جیل سے نجی ہسپتال منتقل کرنے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا۔مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا تارڑ کی جانب سے لکھے گئے خط میں حمزہ شہباز کو جیل سے اتفاق ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز جو اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں ہیں ان کی کرونا رپورٹ مثبت آ گئی ہے، حمزہ شہباز گزشتہ ایک ہفتے سے کرونا وائرس کا شکار ہیں،حمزہ شہباز کامیڈیکل ریکارڈ اتفاق ہسپتال میں موجود ہے،اس ہسپتال کے ڈاکٹر رضوان اختر ان کا بہتر علاج کر سکتے ہیں۔ خط کے متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کو میڈیکل ایمرجنسی کی بنیاد پر فوری طورپر ہسپتال منتقل کیاجائے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے حمزہ شہباز کی اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کر دی۔نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے حمزہ شہباز کو کرونا ہونے پر اتفاق اسپتال منتقلی کی درخواست دی گئی تھی، جسے صوبائی محکمہ داخلہ نے مسترد کر دیا۔درخواست میں حمزہ شہباز کی میڈیکل رپورٹس بھی منسلک کی گئی تھیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا بھائی حکومت کی بربریت کا شکار ہوااور کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود اسے مطلوبہ طبی امداد نہیں دی جا رہی، ابھی تو یہ تحقیق ہونا بھی باقی ہے کہ گھر کا کھانا بند کر کے نیب میں نواز شریف کو کیا خوراک دی جاتی رہی جس سے ان کے پلیٹ لیٹس خطرناک حد تک گر گئے اور ہارٹ اٹیک ہوا۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ جابرانہ حکومت سیاسی مخالفین کو غیر انسانی حالات میں رکھ کر ان کی صحت کو خطرات سے دوچار کر رہی ہے،میرا بھائی حمزہ شہباز حکومت کی بربریت کا شکار ہوااور کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود اسے مطلوبہ طبی امداد نہیں دی جا رہی۔سوال تو یہ ہے کہ کال کوٹھڑی میں بند تنہا قیدی کروانا وائرس کی زد میں کیسے آ گیا؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تو یہ بھی تحقیق ہونا باقی ہے کہ گھر کا کھانا بند کر کے نواز شریف کو نیب میں کیا خوراک دی جاتی رہی کہ یکا یک ان کی بیماری میں شدت آ گئی، ان کے پلیٹ لیٹس خطرناک حد تک گر گئے اور انہیں ہارٹ اٹیک ہوا۔لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کورونا وائرس میں مبتلا پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی صحتیابی کیلئے دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔کستان مسلم لیگ ن پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمران گورائیہ نے ممبر قومی اسمبلی اور پارٹی کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کی بیماری کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے حکو مت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں علاج معالجے کے لئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے اور انہیں قوانین و ضوابط کے تحت موجود سہولتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ملک پر مسلط نام نہاد وزیر اعظم عمران نیازی شریف خاندان سے ذاتی انتقام لے رہے ہیں جس کا حمزہ شہباز کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب ہماری درخواست کی شنوائی نہیں کر رہے اور حمزہ شہباز کو ہسپتال منتقل کرنے میں لیت و لعل سے کام لیا جا رہا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر نے حمزہ شہباز کو کورونا ہونے پر شہبازشریف کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں آپ کے بھائی کی طرح اسے بھی لندن بھیج دیں شہزاد اکبر نے کہا کہ چاچو، صاحبزادے کسی سیاسی جرم میں نہیں بلکہ اربوں کی منی لانڈرنگ اور سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے جرم میں بند ہیں، ان کی بیل ہائیکورٹ سے مسترد ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کیا چاہتے ہیں آپ کے بھائی طرح صاحبزادے کو بھی لندن بھیج دیں؟  
حمزہ شہباز

مزید :

صفحہ اول -