وقار یونس کے والد کی نماز جنازہ کے دوران ایک شخص ایسی حرکت کرتے پکڑا گیا کہ لوگوں نے دھلائی کر دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس کے والد کی نماز جنازہ میں شہریوں نے موبائل فون چور کو پکڑ لیا جو اچھی خاصی ’دھلائی‘ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق وقار یونس کے والد محمد یونس کی نماز جنازہ میں لاہور کے کیولری گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں ان کے قریبی رشتہ داروں سمیت ہیڈ کوچ مصباح الحق، سابق قومی کپتان انضمام الحق، محمد یوسف، مشتاق احمد، کامران اکمل، محمد عباس، اعزاز چیمہ، محمد خلیل،اظہر زیدی، خالد محمود، پاکستان کرکٹ بورڈ کے رضا راشد، جنید ضیا، شاہد اسلم اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے دوران ایک نوجوان نے موبائل پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش کی لیکن وہ موقع پر ہی پکڑ لیا گیا اور وہاں موجود افراد نے اس کی دھنائی شروع کر دی۔ موبائل چور نے شہریوں کے غیض و غضب سے بچنے کیلئے بے ہوش ہونے کی اداکاری کی اور موقع دیکھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔