ناﺅمی اوساکا نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

ناﺅمی اوساکا نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا
ناﺅمی اوساکا نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا
کیپشن:    سورس:   usopen

  

نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) جاپان کی ٹینس سٹار ناﺅمی اوساکا نے یوایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں وکٹوریہ آذرنیکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے، جاپانی سٹار نے امریکہ میں دوسرا اور مجموعی طور پر تیسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ناﺅمی اوساکا نے فائنل میں وکٹوریہ آذرنیکا کو مات دے کر دوسرا یوایس اوپن ٹائٹل اپنے نام کیا، اس سے قبل انہوں نے 2018ءمیں میگا ٹرافی اپنے نام کی تھی جبکہ گزشتہ برس انہوں نے یوایس اوپن کی صورت میں گرینڈ سلیم جیتا تھا۔ 

فائنل کے آغاز میں جاپانی سٹار کو وکٹوریہ آذرنیکا نے خوب پریشان کیا اور پہلے سیٹ میں پوائنٹ گنوانے پر ناﺅمی نے سٹینڈز میں موجود اپنے کوچ کی جانب دیکھ کر دونوں ہاتھ یوں اوپر اٹھائے جیسی کہہ رہی ہوں کہ آخر یہ ہوکیا رہا ہے، اسی طرح چند سیکنڈ بعد ایک اور پوائنٹ گنوانے پر انہوں نے غصے سے ریکٹ ہی نیچے دے مارا، تاہم بعد میں انہوں نے کم بیک کرتے ہوئے اپنے کھیل کو بہتر کیا اور وکٹوریہ آذرنیکا کو 1-6، 3-6 اور 3-6 سے شکست دیدی۔ 

ٹینس کی تاریخ میں 26 برس میں پہلا موقع ہے جب یوایس اوپن کے فائنل میں پہلا سیٹ گنوانے کے بعد کسی خاتون نے ٹائٹل جیتا ہو، آخری مرتبہ ایسا 1994ءمیں ہوا تھا جب ارینٹسکا سانچیز ویکاریو نے سٹیفی گراف کیخلاف اسی انداز میں فتح سمیٹی تھی۔ 

22 سالہ ناﺅمی کا کہنا ہے کہ چینج اوور کے دوران میں نے اپنے سر پر تولیہ ڈال کر سوچاکہ یہ کیا ہورہا ہے، اگر میں ایک گھنٹے کے اندر ہارگئی تو یہ کافی شرمناک ہو گا، میں نے خود سے کہا کہ مجھے اب اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈٹ کر مقابلہ کرنا اور خود کو برے برتاﺅ سے باز رکھنا ہے، مجھے خوشی ہے کہ اپنے اعصاب پر قابو پانے اور مقابلہ جیتنے میں کامیاب رہی۔

مزید :

کھیل -