عدالت سے بلاوا آتے ہی یوٹرن ؟ متازعہ بیان پر سی سی پی او لاہور نے معافی مانگ لی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)عدالت سے بلاوا آتے ہی سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے یوٹرن لے لیا اور متنازع بیان پر معافی مانگ لی ،عمر شیخ کاکہنا ہے کہ میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معافی مانگتاہوں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے گورنر پنجاب چودھری سرور سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی، عدالت سے بلاوا آتے ہی سی سی پی او نے یوٹرن لے لیا اور متنازع بیان پر معافی مانگتے ہوئے کہاکہ میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معافی مانگتاہوں، انہوں نے کہاکہ میں اپنی بہنوں ،بھائیوں اور سوسائٹی سے معافی مانگتا ہوں،میراکوئی بھی غلط مطلب یا تاثر نہیں تھا۔عمر شیخ کا مزید کہناتھا کہ میں اپنی بہن جس سے زیادتی ہوئی اور تمام طبقات سے معافی مانگتا ہوں۔
یاد رہے کہ لاہور کے نئے تعینات ہونے والے سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے نجی ٹی وی دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران واقعہ کا ذمہ دار خاتون کو ہی قرار دیتے ہوئے بیان دیا تھا کہ کہانی یہ ہے کہ یہ خاتون رات ساڑھے بارہ بجے گجرانوالہ جانے کیلئے ڈیفنس سے نکلی ہیں ، میں تو یہ حیران ہوں ، تین بچوں کی ماں ہے اور اکیلی ڈرائیور ہے ، آپ سیدھا جی ٹی روڈ کا راستہ استعمال کریں جہاں پر آبادی ہے اور گھر چلی جائیں ،اگر اس طرف سے آئیں ہیں تو کم از کم پٹرول چیک کر لیں ، اس راستے پر پٹرول پمپ نہیں ہوتے ، خیر یہ مسئلہ تھا ان کا ۔جیسے ہی انہوں نے سیالکوٹ کا ٹول پلازہ کراس کیا ہے تو ذرا آگے جا کر رات ایک بجے پٹرول ختم ہو گیاہے ۔