ریڈ زون میں پٹرول پمپ پر ہوائی فائرنگ ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل جج جہانگیر کو معطل کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایڈیشنل جج جہانگیر اعوان کو ریڈ زون میں فائرنگ کرنے پر معطل کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے پنجاب سول سرونٹس رولز کے تحت ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو ریڈ زون میں فائرنگ کرنے پر تاحکم ثانی معطل کر دیاہے ۔ جج جہانگیر کو معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی جس میں اسلام آباد کے ریڈ زون میں 2 گاڑیوں کے ڈرائیورز کے درمیان کراسنگ کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی۔ ایک گاڑی تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ کے شوہر چوہدری خرم چلارہے تھے جب کہ دوسری گاڑی کو ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر ڈرائیو کررہے تھے۔دفتر خارجہ کی عمارت کے سامنے واقع پیٹرول پمپ پر دونوں گاڑیاں پہنچیں تو چوہدری خرم نے ایڈیشنل سیشن جج کو تھپڑ مارے جس پر ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر نے پستول نکال کر فائرنگ کردی تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔