KIA سپورٹیج کے بعد لکی موٹرز نے پاکستان میں مزید گاڑیاں متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا

KIA سپورٹیج کے بعد لکی موٹرز نے پاکستان میں مزید گاڑیاں متعارف کروانے کا فیصلہ ...
KIA سپورٹیج کے بعد لکی موٹرز نے پاکستان میں مزید گاڑیاں متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا
سورس: Kia.com

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں گاڑیوں کی خریداری کے حوالے سے لوگوں کا رجحان تبدیل ہو رہا ہے۔ اب لوگ سیڈان گاڑیوں کی بجائے زیادہ تر ایس یو ویز کو ترجیح دے رہے ہیں۔ بالخصوص جب سے کورولا ایلٹس کے مختلف ماڈلز اور ہنڈا سوک کی قیمتیں 40لاکھ روپے سے اوپر پہنچی ہیں، تب سے ایک طرف ایس یو ویز گاڑیوں کی مانگ بڑھ گئی ہے اور دوسرے کیا سپورٹیج(Kia Sportage)اور ہنڈائی ٹکسن جیسی دوسری کمپنیوں کی گاڑیوں کی ڈیمانڈ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
ویب سائٹ carspiritpk.com کے مطابق اسی ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے لکی موٹرز نے مزید ایس یو وی گاڑیاں متعارف کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ کیا موٹرز کی طرف سے 2021ءتک 4نئے ماڈلز متعارف کروائے جائیں گے۔ مالی سال 20ءمیں کمپنی کا سپورٹیج ماڈل 8ہزار کی تعداد میں فروخت ہو چکا ہے۔ اس وقت اس ماڈل کی 1300گاڑیاں ماہانہ فروخت ہو رہی ہیں اور اس تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چند روز پہلے کمپنی کی طرف سے پیداوار بڑھانے کے لیے ڈبل شفٹس چلانے کا بھی اعلان کیا گیا تھا تاکہ نہ صرف وہ بڑھتی طلب پر پوری اتر سکے بلکہ کمپنی کی خواہش ہے کہ وہ خریداروں کو 2سے 3ماہ کی بجائے صرف 1ماہ میں ڈلیوری دیا کرے۔ 
اس وقت کیا لکی موٹرز کی روزانہ 60سے 65گاڑیاں پیدا کرنے کی صلاحیت ہے جسے کمپنی بڑھا کر 25ہزار سالانہ تک لیجانا چاہتی ہے۔ کمپنی کی طرف سے جو نئے چار ماڈلز متعارف کروانے کا اعلان کیا گیا ہے ان میں سریٹو سیڈان اور کیا سورینٹو ہے جو 7سیٹوں کی حامل ایس یو وی گاڑی ہو گی۔ یہ ایس یو وی ممکنہ طور پر دسمبر 2020ءمیں متعارف کروا دی جائے گی۔ اس گاڑی کا مقابلہ ٹویوٹا فارٹیونر کے ساتھ ہو گا جس کی اس وقت قیمت 76لاکھ 99ہزار روپے سے 91لاکھ 49ہزار روپے کے درمیان ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ سورینٹو ٹویوٹا فارٹیونر کی نسبت کہیں زیادہ بہتر ہو گی اور اس کی قیمت بھی اس سے 15فیصد تک کم ہو گی۔

مزید :

بزنس -