ٹک ٹاک کے امریکہ میں کاروبار کا سودا ہوگیا

ٹک ٹاک کے امریکہ میں کاروبار کا سودا ہوگیا
ٹک ٹاک کے امریکہ میں کاروبار کا سودا ہوگیا
سورس: creative commons license

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی حکومت کی طرف سے ٹک ٹاک پر پابندی لگائے جانے کے بعد امریکہ میں ٹک ٹاک کے آپریشنز فروخت کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا جن کا اب سودا ہو گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ابتدائی طور پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے امریکہ میں ٹک ٹاک کے آپریشنز خریدنے کی پیشکش کی تھی جسے ٹک ٹاک کی انتظامیہ کی طرف سے مسترد کر دیا گیا۔ اب ذرائع نے بتایا ہے کہ اوریکل(Oracle)کمپنی نے کامیاب بولی دے کر امریکہ میں ٹک ٹاک کے آپریشنز کا سودا کر لیاہے۔ 
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے ٹک ٹاک کو ڈیڈ لائن دی گئی تھی کہ اس سے قبل کمپنی اپنے امریکی آپریشنز کسی امریکی کمپنی کو فروخت کر دے، بصورت دیگر اس پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ امریکی صدر کی طرف سے یہ ڈیڈ لائن دیتے ہوئے الزام عائد کیا گیا تھا کہ ٹک ٹاک امریکی صارفین کا ڈیٹا چوری کر رہی ہے اور امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹک ٹاک کی ملکیت رکھنے والی کمپنی بائٹ ڈانس اور اوریکل کے درمیان یہ معاہدہ ہونے کے بعد دونوں پارٹنرز بن گئی ہیں اور اب اوریکل ٹک ٹاک کے امریکی ڈیٹا کا انتظام سنبھالے گی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ یہ سودا ٹک ٹاک کی فروخت نہیں بلکہ اس کی ’ری سٹرکچرنگ‘ کے طور پر دیکھا جائے گا۔