زینب قتل کیس پر سیاست کرنے والے عمران خان موٹر وے کیس سامنے آنے پر غائب ہو گئے : شہباز شریف
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے موٹروے واقعہ نے پورے ملک کو اشکبار کردیا گیا، قوم کی بیٹی کے ساتھ ہونے والے ظلم کی داستان بیان نہیں کر سکتا،اس واقعہ سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اندوہناک سانحہ پر ایک پولیس افسر نے کہا کہ عورت رات کو اکیلی گھر سے باہر کیوں نکلی؟پولیس افسرکے بیان سے ہمارے دل چھلنی چھلنی ہوگئے۔کوئی ذی شعور شخص یہ بات سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی رپورٹ کہہ رہی تھی کہ پولیس افسر کرپٹ ہے لیکن پھر بھی ڈھٹائی کے ساتھ بدنام زمانہ کرپٹ افسر کو لگایا گیااور پھر ا س کے ساتھ کھڑے ہو کر دفاع بھی کرتے رہے۔انہوں نے کہا کچھ عرصہ پہلے قصور میں زینب کیس میں 1300لوگوں کے ڈی این اے ٹیسٹ لیے گئے جس کے بعد مجرم کو گرفتارکیا گیا اور قاتل کو وہ سزادی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی نے زینب کیس کو سیاست کی نذرکرنے کی کوشش کی لیکن آج ہم نے موٹروے واقعہ پر کوئی سیاست نہیں کی۔ اس واقعہ کے بعد وزیراعظم عمران خان مکمل طور پر منظر عام سے غائب رہے۔ آئی جی کے خط کے باوجود سکیورٹی نہ دے کر مجرمانہ غفلت کی گئی۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سے معاملے کی انکوائری کروانے کا مطالبہ کیا۔