بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے منشیات استعمال کرنے کا اعتراف کرلیا

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے منشیات استعمال کرنے کا اعتراف کرلیا
بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے منشیات استعمال کرنے کا اعتراف کرلیا
کیپشن:    سورس:   Instagram/kanganaranaut

  

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت ان دنوں ممبئی پولیس اور حکام کے خلاف بیانات داغنے کی وجہ سے زیرعتاب ہیں اور انتہا ءپسند ہندو ان کے درپے ہیں اور انہیں ممبئی میں داخل ہونے کی صورت میں دھمکیاں دی جا رہی ہیں تاہم کنگنا رناوت، جو اپنے دبنگ لب و لہجے کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں، کو ان دھمکیوں کی شاید پروا نہیں۔ چنانچہ گزشتہ روز ایک ویڈیو بیان میں اس برے وقت کو اچھا وقت قرار دیتے ہوئے لوگوں کو ایسا گیان دیا اور کچھ ایسے اعترافات کیے کہ سننے والے دنگ رہ گئے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق کنگنا نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ”برا وقت ہی درحقیقت انسان کا اچھا وقت ہوتا ہے۔ اگر برا وقت نہ آئے تو اچھے وقت کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔“

کنگنا کا کہنا تھا کہ ”میں پندرہ سولہ سال کی تھی جب گھر سے بھاگ گئی۔ اس ٹین ایج میں ہی میں منشیات کی لت میں مبتلا ہو گئی اور ان کی ایسی عادی ہوئی اور ایسے لوگوں میں گھر گئی کہ مجھے موت ہی اس صورتحال سے نکال سکتی تھی تاہم پھر میرے ایک دوست نے مجھے یوگا سکھانا شروع کیا۔ میں نے دھیان لگانا شروع کیا اور میرا تعارف روحانیت کی دنیا سے ہوا جس سے میری زندگی تبدیل ہونی شروع ہوئی۔ آج میں نے جس طرح اپنی ذہنی و جسمانی صحت، فیملی اور ماحول کو مستحکم رکھا ہوا ہے، جس طرح میں نے اپنے ٹیلنٹ کو نکھارا ہے، اپنی ذہانت کو تیز کیا ہے، یہ سب اسی کا نتیجہ ہے۔ اگر میں اس برے وقت سے نہ گزری ہوتی تو شاید میں بھیڑ میں کہیں گم ہو جاتی اور وہ کچھ نہ بن پاتی جو آج میں ہوں۔“

مزید :

تفریح -