راوی ریور منصوبہ زیر زمین پانی کی سطح بہتر کرے گا: وزیر ہاؤسنگ

راوی ریور منصوبہ زیر زمین پانی کی سطح بہتر کرے گا: وزیر ہاؤسنگ

  

 لاہور (اپنے نمائندے سے)صوبائی وزیر ہاؤسنگ ملک اسد کھوکھر کی زیر صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) کا جائزہ اجلاس محکمہ ہاؤسنگ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران آمین نے صوبائی وزیر کو اتھارٹی اور سی بی ڈی کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر ہاؤسنگ نے ڈویلپمنٹ ورک کے حوالے سے ٹائم لائن کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات مزید تیز کرنیکی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے ہر ماہ کم از کم دو اجلاس منعقد کئے جائیں جس میں کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور راوی ریور پراجیکٹ موجودہ حکومت کا منصوبہ ہے۔لاہور کے قریب ایک نیا شہر آباد کرنے جا رہے ہیں.ماحول کو محفوظ بنانے کیلئے راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ ناگزیر تھا۔ انہوں نے کہا کہ 3071 ایکٹر رقبہ پر رکھ جھوک جنگل لگایا جائے گا۔ 60 لاکھ درخت لگانے سے ماحول میں خوشگوار تبدیلی آئے گی۔ اس منصوبے سے ایک ارب لیٹر پانی زمین میں جذب ہوکر زیر زمین پانی کی سطح بہتر کرے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شہر میں 200 ایکٹر زمین پر نالج ہب بنایا جا رہا ہے جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 12 یونیورسٹیاں تعمیر کی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ماڈرن ایگری فارمنگ منصوبے کے تحت کسانوں کو 3، 3 ایکڑ زمین فراہم کریں گے۔ وزیر ہاؤسنگ نے تمام منصوبوں میں قدرتی ماحول کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی ماحول کا تحفظ اور اسے بہتر بنانا پہلا ہدف ہے۔

 بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ بن رہا ہے جس کے پانچ پلاٹوں کی نیلامی سے صوبائی حکومت کو 21.58 ارب کی آمدن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ سے 1500 ارب روپے منافع ہو گا اور 2 لاکھ50 ہزار لوگوں کو نوکریاں ملیں گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ قومی خزانے پر بوجھ بنے بغیر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سرکاری اراضی پر منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عمر فاروق، ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ ممتاز احمد سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -