چائنہ نے ہر مشکل مرحلے میں پاکستان کو ریلیف دیا،گل محمد
لاہور(سٹی رپورٹر)تاجر رہنما حاجی فدا حسین، صدر گل محمد مرزا، پیٹرن انچیف جاسم ڈار، چیف آرگنائزر شیخ شبیر، سینئر نائب صدر چوہدری ناصر علی، سیکرٹری اطلاعات غلام ربانی خان، آرگنائزر خواجہ راحت اور جوائنٹ سیکرٹری اطلاعات گلفام حسین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں چینی حکام کی جانب سے ویزہ آپریشن میں بہتری لانے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا چائنہ نے ہر مشکل امتحان اور کٹھن مرحلے میں پاکستانی کمیونٹی کی آواز سنی ہے۔ چائنہ اور پاکستان میں تجارت تعلیم معاشرتی معاشی سرگرمیوں سے جڑے ہزاروں خاندانوں کو درپیش ویزہ آپریشن میں مشکلات کے بروقت تدارک کیلئے چینی حکام ہنگامی اقدامات کررہے ہیں۔
حکومت چائنہ نے پاکستانی تاجروں کی آواز پر ویزہ آپریشن میں بہتری لاتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ اور مخلصانہ مراسم کے احساس کے شاندار مثال قائم کی ہے۔ چائنہ کے عوام اور پاکستان کے عوام میں محبت اور چاہت کے نسل در نسل جذبات چلے آرہے ہیں۔ چینی قوم پاکستان کے تاجروں طلبا اور فیملیز کے ساتھ ہمیشہ عزت اور محبت کا رویہ رکھتے ہیں۔ پاک چائنہ بزنس کمیونٹی کی قیادت چینی حکومت کے فیصلے کا دل و جان سے خیر مقدم کرتی ہے اور اتھاہ گہرائیوں سے شکر گزار ہے۔ پاکستان اور چائنہ کی تاجر کمیونٹی کے نمائندہ متحرک اور فعال فورم نے ہمیشہ چائنہ اور پاکستان کے ساتھ جڑے کاروباری حلقوں کی نمائندگی نیک نیتی کی بنیاد پر کی ہے۔ مخلصانہ اور سچائی کے جذبے کے ساتھ مسائل پر آواز اٹھانے میں ہمیشہ اپنا کلیدی کردار نبھایا ہے۔