کنٹونمنٹ الیکشن میں ناکامی،پی پی رہنما ؤں کی مقامی قیادت پر کڑی تنقید

  کنٹونمنٹ الیکشن میں ناکامی،پی پی رہنما ؤں کی مقامی قیادت پر کڑی تنقید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کو لاہور کے والٹن اور کینٹ کنٹونمنٹ بورڈز سے ایک بھی نشست نہ ملنے پر پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی میاں عزیز الرحمن چن کی ہدایت پر بننے والے پیپلز پارٹی لاہور سوشل میڈیا گروپ پر پیپلز پارٹی کے ہی جیالے اپنی مقامی قیادت کے خلاف پھٹ پڑے۔ایک جیالے رانا افتخار نے اس گروپ میں طنزیہ لکھا کہ پیپلز پارٹی کی لاہور میں شاندار کامیابی پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو لاہور کی تنظیم کو ایوارڈ دینا چاہئے۔پھر ایک جگہ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ لاہور میں شکست کی ذمے دار لاہور تنظیم ہے۔لاہور کے ہی ایک عہدیدار اور ٹکٹ ہولڈرطارق سعید جٹ نے کہا کہ لاہور تنظیم ہی بد ترین شکست کی ذمے دار ہے۔تاہم یہاں پر یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ پیپلز پارٹی لاہور نے پورے امیدوار ہی کھڑے نہیں کئے تھے محض چند نشستوں پر امیدوار کھڑے کئے گئے۔یہاں یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کی وارڈ نمبر دو سے پیپلز پارٹی کے طارق صدیقی کا دوسرا نمبر آیا ہے اور یہاں سے پی ٹی آئی بھی تیسرے نمبر پر آئی ہے اگر اس ایک نشست پر ہی پیپلز پارٹی والے خصوصی توجہ دے دیتے تو شاید ایک نشست نکالنے میں ہی کامیاب ہو جاتے مگر یہاں پر بھی لاہور اور پنجاب تنظیم کی آپس میں نہیں بنتی تھی اس لیئے ان دونوں کی آپسی لڑائیوں کی وجہ سے پیپلز پارٹی جو کہ شاید ایک نشست نکال سکتی تھی وہ بھی نہ نکال سکی۔