کسٹم کی کارروائی،ایک کروڑ مالیت کی چھالیہ برآمد،ملزمان گرفتار
سکھر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)جیکب آباد کے قریب کسٹم کی کامیاب کارروائی،ایک کروڑ روپے مالیت کی پانچ ہزار کلو گرام چھالیہ برآمد،دو ملزمان گرفتار،ٹرک تحویل میں لے لیا۔کسٹم سکھر کے اسٹنٹ کلکٹر عرفان منگی کی قیادت میں انسپکٹر اشفاق احمد شیخ اور انسپکٹر شاہ محمد اور دیگر عملے نے جیکب آباد کے قریب لکھمیر بروہی گاؤں کے مقام پر کوئٹہ سے پنجاب جانے والے ایک ہینو ٹرک نمبر TKX085کو روک کر تلاشی کے دوران سیبوں کے کریٹوں میں چھپائی گئی چھالیہ کی بڑی مقدار برآمد کرلی اور دو ملزمان حمید اللہ اور عبدالقدوس کو گرفتار کرلیاہے اے سی عرفان منگی نے رابطے پر بتایا کہ ٹرک سے پانچ ہزار کلو گرام چھالیہ برآمد ہوئی ہے جس کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے دونوں گرفتار ملزمان کاتعلق کوئٹہ سے ہے جن کو جوڈیشلریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے ان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمارا عملہ مستعدی سے کام کررہا ہے۔